Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

ہمایوں اختر کو آئی پی پی کا سینئر نائب صدر بنا دیا گیا
اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2023 06:56pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

استحکام پاکستان پارٹی کو سیاسی محاذ پر بڑی کامیابی مل گئی، سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

9 مئی واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے، انہیں آئی پی پی کا سینئر نائب صدر بنا دیا گیا۔

لاہور میں آئی پی پی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور علیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ تمام ساتھی دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں، 9 مئی کو شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم مل کر کام کریں تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، غربت، مہنگائی اور بےروزگاری اہم مسائل ہیں، کوئی وجہ نہیں ملک کے مسائل حل نہ ہوں، ہم ملک کو غربت کی زنجیروں سے آزاد کرائیں گے۔

اس موقع پر آئی پی پی پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ خوشی ہے ہمایوں اختر نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی، یہ پارٹی سینئر نائب صدر ہوں گے، سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوتی رہتی ہے، ہمارا مشن پاکستان کو بحران سے نکالنا ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو دبایا نہیں جارہا، دوسری جماعتوں سے میل ملاپ سیاست کا حصہ ہے، الیکشن کے لیے کسی پارٹی کو آگے یا پیچھےنہیں رکھا جا رہا، الیکشن کا ماحول ہے، پہلے الیکشن لڑیں گے، باقی چیزیں بعد میں سیٹ ہوں گی۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کسی قسم کا اتحاد نہیں ہوا، مذاکرات جاری ہیں لیکن منطقی انجام تک نہیں پہنچے۔

آئی پی پی قیادت کے ہمایوں اختر سے معاملات طے پا گئے جس کے بعد سابق وفاقی وزیر نے آئی پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز جہانگیرترین، اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری نے ہمایوں اختر سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

یاد رہے کہ ہمایوں اختر کچھ عرصہ قبل تحریک انصاف کو چھوڑ چکے ہیں، ماضی میں وہ ن لیگ اور ق لیگ کا بھی حصہ تھے۔

lahore

ISTEHKAM E PAKISTAN PARTY (IPP)

Humayun Akhtar