یوکرائن میں رکن پارلیمنٹ نے کونسل اجلاس کے دوران ہینڈ گرینیڈز سے دھماکے کردیئے
یوکرائن میں رکن پارلیمنٹ نے کونسل اجلاس کے دوران ہینڈ گرینیڈز سے دھماکے کردیئے۔ ویلج کونسل میں دستی بم دھماکوں میں کم از کم 26 افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے مغربی علاقے زکرپٹیا میں ایک مقامی ڈپٹی نے ویلج کونسل میں دستی بم دھماکے کیے جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ایک صارف نے واقعہ کی فوٹیج جاری کی ہے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے متعلقہ شخص کمرے میں داخل ہوتا ہے اور کچھ دیر کھڑے ہونے کے بعد وہ اپنی جیب سے دو دستی بم نکالتا ہے۔
جیب سے دستی بم نکالنے کے بعد مذکورہ شخص نے ویلج کونسل کے ممبران کو مخاطب کیا اور پھر زمین پر دستی بم پھینک دیے۔ جو دھماکوں سے پھٹ گئے۔
بم پھٹتے ہی آگ بھی نکلی اور کمرے پر تباہی پھیل گئی۔ واقعے کے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ٹیلی گرام میسنجر پر پولیس کے بیان کے مطابق یہ دھماکہ کونسل کے اجلاس کے دوران ہوا۔ پولیس نے دھماکے میں 26 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جبکہ چھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
پولیس کی جانب سے بھی واقعہ کی ٹیلی گرام پر ایک ویڈیو شائع کی گئی۔ ویڈیو میں کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں دھماکے اور خوف و ہراس کے لمحات دیکھے جاسکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.