لاہور: سکھ یاتریوں اور جاپانی شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
لاہور میں بیرون ملک سے آئے سکھ یاتریوں اور جاپانی شہریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔
ایس پی سی آئی اے بلال فرقان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سرغنہ بادشاہ، سیف علی خان، کرامت علی اور محمد شہزاد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق سکھ یاتریوں اور جاپانی شہریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنے والے ملزمان سے درجنوں موبائل فونز اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔
ملزمان نے دوران تفتیش لاہور میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا اور بتایا کہ وہ پاکستان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو اسلحے کی نوک پر لوٹتے اور فرار ہو جاتے تھے۔
ایس پی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ جھنگ سے اغواء ہونے والے 13 سالہ علی شان جبکہ باغبانپورہ سے چند روز قبل اغواء ہونے والے 14 سالہ محمد ابراہیم کو بھی بازیاب کروایا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.