Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حج درخواستوں کی تعداد بڑھانے کے لیے وزارت مذہبی امور نے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا

وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کی آگاہی کیلئے نجی سیلولر کمپنیوں کی خدمات حاصل کرلیں
اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2023 05:54pm
حج 2023۔ فوٹو — رؤٹرز/ فائل
حج 2023۔ فوٹو — رؤٹرز/ فائل

حج درخواستوں کی تعداد بڑھانے کے لیے وزارت مذہبی امور نے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا، وزارت مذہبی امور نے پہلی بار نجی سیلولر کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کرلیں۔ جبکہ وزارت داخلہ کو بھی خط لکھا گیا جس میں مطالبہ کیا کہ اندرون اور بیرون ملک حج کے خواہش مند عازمین کے لئے پاسپورٹ کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ سرکاری حج اسکیم کے لیے رنگ ٹونز کا استعمال کیا جارہا ہے، کالر ٹیونز کے ذریعے موبائل فون صارفین کو سرکاری حج اسکیم کی تفصیلات سے آگاہ کیا جانے لگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے پہلی مرتبہ ٹیلی ویژن پر اشتہارات کے ذریعے بھی حج اسکیم کی تشہیر شروع کردی۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری ریگولر اور اسپانسر شپ اسکیم کی تشہیر اور رابطوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 53 ہزار درخواستیں جبکہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت اب تک ڈھائی ہزار حج درخواستیں موصول ہوسکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور اسپانسر شپ اسکیم کے لیے ساڑھے 22 ہزار درخواستوں کی منتظر ہے۔ اس اسکیم کے تحت ڈالر میں حج اخراجات جمع کرانے والے قرعہ اندازی سے مستثنٰی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے میں حائل رکاوٹیں دور کی جارہی ہیں، اب اسپانسر شپ اسکیم کے لیے بیرون ملک سے ڈالرز میں درخواستیں جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں

سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا امکان

حج پالیسی 2024 کا اعلان، ایک لاکھ روپے کی کمی، مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق ریگولر اسکیم میں حج بدل اور پچھلے پانچ سال میں حج کرنے والے عازمین بھی درخواستیں دینے کے اہل ہیں۔

حج درخواستوں کی کم وصولی کی وجوہات

اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت پاسپورٹ جاری نہ ہونا درخواستوں کی کم وصولی کی وجہ بن گیا، وزارت مذہبی امور نے وزارت داخلہ سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ اس معاملہ کو فوری حل کیا جائے۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے حج درخواستوں کی مدت میں توسیع کے باوجود اسپانسر شپ اسکیم کے تحت بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں، پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر بھی حج درخواستوں کی وصولی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے وزارت داخلہ کے نام خط میں مطالبہ کیا کہ اندرون اور بیرون ملک حج کے خواہش مند عازمین کے لئے پاسپورٹ کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کرتے ہوئے بروقت پاسپورٹ کا حصول یقینی بنائیں۔ پاسپورٹ کے اجرا میں آسانی اللہ کے مہمانوں کی عظیم خدمت ہوگی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی عازم حج ہوں، حج درخواستوں کی وصولی میں 22 دسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔

اسلام آباد

Hajj

Hajj policy

Aneeq Ahmed

Hajj 2024

POLICY HAJJ

ministry of religious affair

Hajj Mission

Federal Minister for Religious Affairs