نگراں وزیراعظم کی کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی
نگراں وزیراعظم سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے ملاقات کی، جس میں انوار الحق کاکڑ نے کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے پی سی بی حکام کے ہمراہ نگراں وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف انوار الحق کاکڑ سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی، جس میں انہیں پی ایس ایل اور چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی امور پر ذکا اشرف نے نگراں وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ نگراں وزیراعظم کو کرکٹ کی بہتری کے لیے اٹھائے گٸے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس سے بھی آگاہ کیا گیا پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
نگراں وزیراعظم نے کرکٹ سے متعلق بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے ذکاء اشرف کو مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں، حکومت کرکٹ کے فرغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، پی ایس ایل کے شاندار انعقاد کے لیے حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، کرکٹ ڈپلومیسی سے سفارتی تعلقات میں بہتری لاٸی جا سکتی ہے۔
Comments are closed on this story.