Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
29 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 9: شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ مقرر

ندیم عمر اور معین خان نے شین واٹسن کو کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا
شائع 06 دسمبر 2023 11:35pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن کے ساتھ ہیڈ کوچ کے لیے معاملات طے پا گئے ہیں ، وہ پی ایس ایل کے سیزن 9 میں ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔

پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک پاکستان کے سابق وکٹ کیپر معین خان ہی ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے لیکن ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے انہیں ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کرتے ہوئے نیا غیر ملکی ہیڈ کوچ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر اور ٹیم ڈائریکٹر معین خان نے شین واٹسن کو کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شین واٹسن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور امکان ہے کہ اس کاباضابطہ اعلان بدھ کے روز کیا جائے ، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کیا شین واٹس ٹیم کا پورا کوچنگ سٹاف بدلیں گے یا نہیں کیونکہ ٹیم گزشتہ چار سیزن میں پلے آف سے ہی باہر ہو تی رہی ہے ۔

کوئٹۃ گلیڈی ایٹرز پہلے 4 ایڈیشنز کے دوران پی ایس ایل کی سب سے مستقل فرنچائز تھی، جب وہ 3 بار فائنل میں پہنچی تھی اور 2019 میں ٹائٹل بھی جیتا تھا۔

شین واٹسن سرفراز احمد کی قیادت میں پی ایس ایل 4 کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ رہ چکے ہیں جبکہ شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھلاڑی کی حیثیت سے پی ایس ایل 3 اور 5 میں بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر دو مرتبہ ورلڈ کپ 2007 اور 2015 کی فاتح آسٹریلیا ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں اور اسی وجہ سے وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بحیثیت کوچ بہترین انتخاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے واٹسن کے تجربے سے کھلاڑی فائدہ اٹھائیں گے اور ٹیم کو بے حد فائدہ ہو گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا میلہ 8 فروری سے سجے گا جبکہ ڈرافٹنگ 13 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔

PSL

Quetta gladiators

lahore

head coach

Pakistan Super League

Moin Khan

shane watson

psl 9

psl draft

nadeem omer