میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر امیدواروں کو ٹکٹ دیے جائیں گے، نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر امیدواروں کو ٹکٹ دیے جائیں گے، ہمارا ایجنڈا صرف سڑکوں، تعلیم اور صحت تک محدود نہیں ہوگا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا چوتھا اجلاس ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ہوا، جس میں مریم نواز، اسحاق ڈار، احسن اقبال اور مرکزی و صوبائی عہدیدار شریک تھے۔
اجلاس میں بلوچستان سے پارٹی امیدواروں کے انتخاب سے جائزہ لیا گیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والےرہنماؤں سے بات کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے ن لیگ کی تیاری مکمل ہے، مسلم لیگ ن اقتدار میں آ کر غریبوں کا سہارا بنے گی، ہمارے دور میں ہمیشہ ملک وقوم نے ترقی کی۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ تمام امیدواروں کی پروفائل اور زمینی حقائق کا جائزہ لیا، میرٹ، شفافیت کی بنیاد پر امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے، ہمارا ایجنڈا صرف سڑکوں، تعلیم اور صحت تک محدود نہیں ہوگا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ باتیں کرنے والے بہت آئے، لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا، ہم نے گوادر کو سندھ کے ساتھ ملایا، کوسٹل ہائی وے بنائی، کہاں گئی وہ تبدیلی؟ عوام کو پوچھنا چاہئے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اب تک سرگودھا، راولپنڈی، ہزارہ اور مالاکنڈ کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جا چکا ہے۔
ن لیگ پارلیمانی بورڈ اجلاس: بلوچستان سے 87 امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا چوتھا اجلاس لاہور میں ہوا، جس میں بلوچستان سے پارٹی ٹکٹ کے لیے 87 امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں بلوچستان سے قومی اسمبلی کے 16 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 51 نشست کے لیے امیدواروں کے انٹرویو کے بعد نام فائنل کر لیے گئے۔
انٹرویو نواز شریف اور شہباز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ نے کیے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ہر امیدوار سے ان کے متعلقہ حلقوں، سیاسی شہرت اور پارٹی کے لیے دی گئی خدمات پر سوالات کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان پارٹی قیادت کی طرف سے کچھ روز بعد کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.