Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

سُپریم کورٹ نے حق مہر دینے میں تاخیر پر جُرمانہ عائدکر دیا

خاتون جب بھی تقاضا کرے شوہر حق مہر کی ادائیگی کا پابند ہوگا، سپریم کورٹ
شائع 06 دسمبر 2023 10:26am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے بیوی کو حق مہر میں تاخیر پر شہری پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے یمارکس دیے کہ خاتون جب بھی تقاضا کرے شوہر حق مہر کی ادائیگی کا پابند ہوگا۔

سپریم کورٹ میں حق مہر کی ادائیگی کے حکم کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست خالد پرویز نامی شہری نے دائر کی تھی۔ عدالت نے حق مہر کے حوالے سے بڑا فیصلہ دیتے ہوئے حکم دیا کہ خاتون جب بھی تقاضا کرے شوہر حق مہر کی ادائیگی کا پابند ہوگا۔

تین صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے تحریر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کیس میں بیوی کو حق مہر کیلئے مقدمہ کرنا پڑا جو 6 سال بعد سپریم کورٹ پہنچا، عدالتوں نے غیر ضروری اپیلیں دائر کرنے پر شوہر کو جرمانہ عائد نہیں کیا، غیر ضروری اپیلوں پر جرمانہ کیا ہوتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر ضروری اپیلیں دائر کرنے سے عدالتی نظام مفلوج ہوتا جا رہا ہے، بلاوجہ کی مقدمہ بازی ختم کرنے کیلئے عدالتوں کو جرمانہ کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے۔

عدالت نے خالد پرویز کی اہلیہ ثمینہ کو حق مہر کی ادائیگی کے حکم کیخلاف اپیل خارج کردی اور چھ سال تک حق مہر کی ادائیگی میں تاخیر پر شوہر کو ایک لاکھ جرمانہ کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حق مہر شرعی تقاضا ہے جس کا تحفظ ملکی قوانین میں بھی موجود ہے، حق مہر کا وقت نکاح نامہ میں مقرر نہ ہو تو بیوی کسی بھی وقت تقاضا کرسکتی ہے۔

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Haq mahr