Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لڑکیاں مالی استحکام چاہتی ہیں تو انہیں 45 سال کے شخص سے شادی کرنی چاہئیے، صبا فیصل

'بیٹے پورا خاندان لیکر چلتے ہیں، دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ بیٹوں کے نصیب بھی اچھے کرے'
شائع 05 دسمبر 2023 12:15pm
تصویر: صباء فیصل/انسٹاگرام
تصویر: صباء فیصل/انسٹاگرام

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے والدین کو بیٹیوں کے علاوہ بیٹوں کے اچھےنصیب کیلئے بھی دعائیں کرنے پر زور دیا ہے۔

مارننگ شو میں شریک صبا فیصل نے بیٹے اور بیٹی دونوں کی اہمیت سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ۔

صبا فیصل نے بیٹوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے ہم بیٹیوں کے نصیب کیلئے دعائیں کیا کرتے تھے، لیکن ہمیں یہ بھی دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ بیٹوں کے نصیب بھی اچھے کرے‘۔

اداکارہ نے اس کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ ’بیٹے پورا ایک خاندان لے کر چلتے ہیں، جب بیٹوں کی شادیاں ہوتی ہیں توآنے والی بھی اپنے شوہر کے ساتھ پورا ایک خاندان لے کر چلتی ہے، کیونکہ آنے والی بیٹے کے نصیب سے آتی ہے‘۔

صبا فیصل شو کے دوران اپنی والدہ اور بھابھی کے درمیان خوبصورت اور محبت بھرے رشتے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کافی آبدیدہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میری والدہ پورے ایک سال بیماری کے سبب بستر پر تھیں، میری بھابھی نے ان کی بہت خدمت کی، وہ میری والدہ کی یہ تکلیف دیکھ کر بہت روتی تھیں‘۔

صبا فیصل نے مزید کہا کہ ’اس کے بعد سے میں اپنی بھابھی سے بے حد محبت کرتی ہوں، میں ان کو اپنی والدہ کا درجہ دیتی ہوں‘۔

نوجوان لڑکیوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’آج لڑکیاں توقع کرتی ہیں کہ وہ کسی لڑکے سے شادی کریں گی اور اس کے گھر کی مالک ہوں گی، سب کچھ ان کا ہوگا، یہ بہت غلط ہے‘۔

اس حوالے سے اداکارہ نے مزید کہا کہ ’وہ یہ کیوں نہیں سمجھتی کہ نوجوان لڑکے اپنی جدوجہد کے مرحلے میں ہوتے ہیں۔ لہذا اگر وہ مالی استحکام چاہتی ہیں تو انہیں 45 سال کے شخص سے شادی کرنی چاہیئے جو ان کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو‘۔

صبا فیصل باصلاحیت اور تجربہ کاراداکارہ ہیں جنہوں نے کیرئیر کا آغاز پی ٹی وی پربطور نیوز کاسٹر اور اناؤنسر کی حیثیت سے کیا تھا۔

بعدازاں صبا فیصل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اوریہاں بھی نمایاں پہچان حاصل کی۔

صبا فیصل کی اداکاری کی صلاحیتوں کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے اور انہیں بہترین اداکاراؤں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

Marriage

lifestyle

شخصیات

Saba Faisal

morning show

Sons and Daughters