تنازعے کے بعد پی سی بی نے سلمان بٹ کو عہدے سے ہٹادیا
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سلمان بٹ کی بطور سلیکشن کمیٹی کنسلٹنٹ تعیناتی کو منسوخ کردیا۔
وزیر اعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہیں، جن کی ہدایت پر پی سی بی نے فوری طور پر اس متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کردیا۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کمیٹی کو بھی غیر متنازعہ ہونا چاہئیے۔
نگران وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازعہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیر متنازع اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو اس کے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام تقرریاں خالص میرٹ پر کریں گے۔
اسی حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بتایا کہ سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، سلمان بٹ کی جگہ اسعد شفیق نئے کنسلٹنٹ ہوں گے، سلمان بٹ کے ایشو کو بے جا اچھالا جارہا ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ سلمان بٹ اب کنسلٹنٹس ٹیم کاحصہ نہیں ہوں گے، اس سارے معاملے میں پی سی بی کا قصور نہیں، سلمان بٹ سے بات کرکے انہیں کنسلٹنٹ ٹیم سے الگ کیا۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی شامل ہیں، قومی سلیکشن کمیٹی میں وسیم حیدر بھی شامل ہیں، کنسلٹنٹس کا کام صرف کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خرم منظور، فواد عالم، رومان رئیس اور عثمان شینواری سے بات کی، آمادگی ظاہر کرنے والوں کو کنسلٹنٹس مقرر کیا گیا۔
وہاب ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، ٹیم کے حوالے سے مشاورت کے لیے کل کراچی جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں تفویض کیں تھیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے تینوں سابق کرکٹرز فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے اور 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز انکا پہلا اسائنمنٹ ہوگی۔
یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کے تقرر پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے جبکہ اعلیٰ حلقوں نے بھی اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
محمد حفیظ نے بھی سلمان بٹ کی تقرری پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ بعض حلقوں نے تینوں ہی کنسلٹنٹس کو ہی فارغ کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
Comments are closed on this story.