Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کیا شریف برادران نے احسن اقبال کو ڈانٹا، ویڈیو پر لیگی رہنما کی وضاحت

'پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ سے پہلے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے میاں برادران احسن اقبال کو ڈانٹ رہے ہیں' سوشل میڈیا پر تنقید
شائع 02 دسمبر 2023 09:16pm
فوٹو ــ اسکرین گریب ۔ ٹوئٹر/
فوٹو ــ اسکرین گریب ۔ ٹوئٹر/

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی آج کل زیر گردش ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنے ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ میاں برادران نے احسن اقبال کو ڈانٹ دیا ہے۔ معاملے پر سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے وضاحت کرکے حقیقت سامنے رکھ دی۔

لیگی رہنما دانیال عزیز کی سینئر رہنما احسن اقبال پر تنقید کے معاملے کا سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچا ہو رہا ہے، ”ایکس“ کے ایک صارف نعمان کسانا نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف احسن اقبال سے ملاقات کررہے ہیں۔

نعمان کسانا نے اپنے ”ایکس“ پیغام میں لکھا کہ ’آج پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ سے پہلے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں برادران احسن اقبال کو ڈانٹ رہے ہیں‘۔

نعمان کسانا کے ٹوئٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ بڑے میاں صاحب نے کہا کہ احسن جاتے وقت مجھے مل کر جانا جبکہ چھوٹے میاں صاحب بولے احسن کیا تماشا لگایا ہوا ہے، دانیال سے اپنے معمولات جلدی ٹھیک کرو۔

مذکورہ بالا ”ایکس“ پیغام کے بعد لیگی رہنما احسن اقبال نے ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ دونوں نے کہا ہم دانیال عزیز کے بیان کو شدید ناپسند کرتے ہیں اور انہیں شوکاز جاری کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لیگی رہنما دانیال عزیز نے چند روز قبل احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خود کو عقل کُل سمجھتے ہیں، انہیں مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پا سکے؟ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، جبکہ ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی۔

یاد رہے کہ معاملے پر دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے 7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق کہ آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان کیوں دیا؟ پارٹی آئین اس بات کا تقاضہ کرتا ہے ہر رکن پارٹی کے ڈسپلن کی پابندی کرے، دانیال عزیز کا 30 نومبر کا بیان پالیسی کی خلاف ورزی اور حقائق کے منافی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، لیگی رہنما 7 روز میں تحریری جواب دیں۔

Nawaz Sharif

Ahsan Iqbal

daniyal aziz

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)