Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’18ویں ترمیم نامکمل ہے‘، ن لیگ نے مزید ترمیم کا عندیہ دے دیا

18ویں ترمیم پر مزید کام کرنا باقی ہے، رہنما ن لیگ احسن اقبال
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2023 11:45pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب
PMLN Rana Sana Ullah & Ahsan Iqbal news conference – Aaj News

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کا عندیہ دے دیا، مرکزی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم نا مکمل ہے، ن لیگ مکمل کرے گی جبکہ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے اعلان کیا کہ 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوئی بات زیر غور نہیں۔ پی ڈی ایم کبھی بھی الیکشن اتحاد نہیں تھا، دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے پہلے اجلاس کے بعد لاہور میں رانا ثناء اللہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل مضبوط حکومت ہے، ہم بہترین امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے۔

18ویں ترمیم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم نا مکمل ہے، ن لیگ مکمل کرے گی۔ ہم 18ویں ترمیم ختم کرنے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، بلکہ اس پر مزید کام کرنا باقی ہے، ہم مرکز سے صوبوں کو جانے والے اختیارات کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے نچلی سطح تک لے کر جائیں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ کئی دنوں سے 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کی باز گشت سنی جارہی تھی، پیپلزپارٹی کی جانب سے ممکنہ ترمیم کی مخالفت کی جاتی رہی ہے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی گزشتہ دنوں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کے حوالے سے 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔

احسن اقبال کے 18ویں ترمیم کو مکمل کرنے کے بیان سے قبل مسلم لیگ ن نے اس طرح کی خبروں کی تردید کی تھی۔ گزشتہ ماہ ن لیگ کی جانب سے جاری بیان میں پارٹی کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ، ’ہمیں 18ویں ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کے لیے نہ تو کوئی تجویز موصول ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت ہوئی۔‘

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بلاول سے غیر ذمہ دارانہ بیان کی امید نہیں تھی، پیپلزپارٹی ن لیگ پر تنقید کرکے پنجاب سے ووٹ لینا چاہتی ہے۔ ن لیگ پر تنقید سے پی پی پی ووٹ لے سکتی ہے تو انھیں پوری آزادی ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کی تمام تر ذمہ داری چیئرمین پی ٹی آئی پر ہے، مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے، پی ٹی آئی دور میں سی پیک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

دانیال عزیز کے حوالے سے سوال پر احسن اقبال بولے کہ نجانے کیوں دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان بول رہے ہیں، ان کے الزامات کا مجھ سے یا میری وزارت سے کوئی تعلق نہیں تھا، ہم فخر سے کہتے ہیں کہ دیگر شہروں کو لاہور جیسا بنائیں گے، کیا پیپلزپارٹی ایسا دعویٰ کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ اور بےروزگاری کا خاتمہ کریں گے، پہلے بھی ملک سے لوڈشیڈنگ اور بدامنی کا خاتمہ کیا، اب بھی کریں گے۔

صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی والے ہمارے خلاف بات کر کے ہی پنجاب میں ہمارا مقابلہ کر سکتے ہیں، لیکن ہم اوئے توئے اور گالیوں کے کلچر کو فروغ نہیں دینا چاہتے، ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت انتخابات کی حوالے سے بات کرتے ہوئے جمہوری رویوں کو مدنظر رکھے گی۔

رانا ثنا اللہ نے دانیال عزیز کے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر انھیں اڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے کہا کہ دانیال عزیز بیان کی وضاحت کریں اور رویہ درست کریں، انھیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی ایسے الیکٹیبلز کو ٹکٹ نہیں دیں گے جس سے مقامی قیادت ناراض ہو، پی ڈی ایم کبھی بھی الیکشن اتحاد نہیں تھا، اس وقت ہم ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی ٹکٹس کے خواہشمندوں کےانٹرویو ہوئے، نوازشریف نے تمام لوگوں کی بات سنیں، اجلاس تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی11 نشستوں کیلئے 38 افراد کے انٹرویو ہوئے، صوبائی اسمبلی کی 23 نشستوں کیلئے 67 امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔

Nawaz Sharif

Bilawal Bhutto Zardari

18th amendment

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)