Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق ارکان پنجاب اسمبلی سردار عون ڈوگر اور جاوید اختر انصاری (ن) لیگ میں شامل

پاکستان مسلم لیگ (ن) میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کا سلسلہ جاری
اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2023 08:55pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، سابق ارکان پنجاب اسمبلی سردار عون ڈوگر اور جاوید اخترانصاری (ن) لیگ میں شامل ہوگئے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف سے سابق ارکان پنجاب اسمبلی سردار عون ڈوگر اور جاوید اختر انصاری نے ملاقات کی۔

رانا ثناءاللہ ، سردار عبدالغفار ڈوگر، عرفان ڈوگر اور سلیم انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر شہبازشریف نے سردار عون ڈوگر اور جاوید اختر انصاری کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی پارٹی آمد سے پاکستان اور عوام کی خدمت کا سفر تیز ہوگا۔

الیکشن کی تیاریاں، (ن) لیگ ساہیوال ڈویژن میں امیدواروں کے انٹرویو مکمل

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی آئندہ انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں، پارٹی کی ساہیوال ڈویژن کمیٹی نے تمام حلقوں میں امیدوارں سے متعلق رپورٹس مرتب کرلیں، جو چیئرمن الیکشن سیل اسحاق ڈار کو جمع کروائی جائیں گی۔

ساہیوال ڈویژنل کمیٹی نے قومی اسمبلی کے9 امیدواروں اور صوبائی اسمبلی کی20 نشستوں کے لیے 79 امیدواروں کے انٹرویو کئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ میں قومی اسمبلی کے 4 حلقوں کے لیے 6 امیدواروں جبکہ اوکاڑہ صوبائی اسمبلی کے 8 حلقوں کیلئے 18 امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔

پاکپتن میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں کے لیے 6 امیدواروں اور صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کیلئے 23 امیدواروں کے انٹرویو ہوئے۔

ساہیوال میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں کے لیے 7 امیدواروں اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں کیلئے 17 امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔

نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل ہوگا

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل ہوگا۔

اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے ممکنہ امیدواروں کے انٹرویوز کیے جائیں گے جبکہ اجلاس میں مریم نواز سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا،ان امیدواروں کو کل ہی ٹکٹیں جاری کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

PMLN

Shehbaz Sharif

lahore

Pakistan Politics

Election Commission of Pakistan (ECP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024