Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: نیب نے عمران خان سمیت 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جاری ہوئے، ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت
شائع 01 دسمبر 2023 08:18pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری کے بعد نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ذلفی بخاری، فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر اور ضیاء المصطفی نسیم کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔

نیب نے ملزمان کو کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جاری ہوئے۔

چیئرمین نیب نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ عدالت پیش کرنے کی کی ہدایت کی جبکہ ڈی جی نیب اورآئی جی پنجاب اور اسلام آباد کو ملزمان کی گرفتاری کی تعمیل کا حکم دیا دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی تعمیل نیب پہلے ہی کر چکی ہے، عمران خان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

اس سے قبل نیب راولپنڈی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی سمیت دیگرملزمان کے خلاف 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ریفرنس دائر کردیا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا اور احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام دیے گئے ہیں، جن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ بشری بی بی، فرح گوگی، بیرسٹر ضیا مصطفی، ذوالفقارعلی (ذلفی) بخاری اور شہزاد اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری

گزشتہ روز (بروز جمعرات 30 نومبر) 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا۔

مزید پڑھیں؛

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں عمران خان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، نیب کے حوالے

درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:

اگر عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو ہم امریکا میں ڈونلڈ لُو پر کیس کریں گے، علیمہ خان

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔

جج محمد بشیر نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے، اور سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

pti

NAB

pti chairman

NAB Court

190 million pounds scandal

Alqadir Trust case