Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

40 دن کے بعد اب مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، شیخ رشید

راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا ن لیگ کو غش پڑیں گے، سابق وفاقی وزیر
شائع 30 نومبر 2023 01:43pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 40 دن کا چلہ کاٹا مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا، الیکشن میں ن لیگ کو غش پڑیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو لمبا ریلیف ہے، بلکہ ریلیف ہی ریلیف ہے، لیکن عوام میں ان کی مقبولیت متاثر ہورہی ہے، جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس نے شہبازشریف کی 16 ماہ تباہی دیکھی اسے الیکشن مہم کی ضرورت نہیں، مسلم لیگ کو الیکشن میں غش پڑیں گے، میں 10 دسمبر سے الیکشن کیمپین شروع کروں گا، راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا، اور قلم دوات جیتے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 مئی سے 20 مئی تک راولپنڈی میں موجود نہیں تھا، اور نو مئی کے واقعات میں کسی وڈیو یا مظاہرے میں شریک نہیں تھا، لیکن ہاتھی کے پاؤں میں سب کے پاؤں والی بات ہے، چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام نو مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا، اور جس بندے نے میری گاڑی کی ضمانت دی تھی اس کو بھی اٹھایا گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ انکا خیال تھا کہ یہ مجھے لال حویلی سے باہر پھینکین گے لیکن عزت اللہ دینے والا ہے، پہلے ہلکی پھلکی موسیقی تھی پھر 40 دن کا چلہ کاٹا، اب مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ 40 دن کا چلہ کاٹنے کے بعد مجھے پھر چلہ کاٹنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا چیئرمین کے حوالے سے فیصلہ درست ہے، اب مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلے کا نشان ملنے کا امکان ہے، باقی میں کچھ نہیں جانتا۔

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed

Election 2024