Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سندھ ہائی کورٹ کا کراچی میں غیرقانونی پارکنگ کیس پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ

پارکنگ جتنا اہم معاملہ ہے درخواست گزار اتنی تیاری نہیں کر رہے، عدالت
شائع 30 نومبر 2023 01:08pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے غیرقانونی پارکنگ کے معاملے پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کرلیا، اور ریمارکس دیئے کہ پارکنگ جتنا اہم معاملہ ہے درخواست گزار اتنی تیاری نہیں کر رہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ندیم اختر نے سماعت کی۔ جب کہ درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار نے شہر کی غیر قانونی پارکنگ کی فہرست عدالت میں جمع کرائی اور مؤقف پیش کیا کہ 33 مقامات پر غیر قانونی پارکنگ اور زائد فیس وصول کی جارہی ہے، ٹریفک پولیس کے 10 سے زائد ایس آوز اس میں ملوث ہیں، ٹریفک پولیس عدالت سے حقائق چھپا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے عدالت میں رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی جاری ہے، رواں سال غیر قانونی پارکنگ میں ملوث 43 افراد پر مقدمات درج کئے، اور 55 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 49 ہزار سے زائد افراد کے غیر قانونی پارکنگ پر چالان کیے گئے ہیں، اور 24 لاکھ 53 ہزار سے زائد کی رقم کے جرمانے عائد کیے گیے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پارکنگ جتنا اہم معاملہ ہے درخواست گزار اتنی تیاری نہیں کر رہے، ہو سکتا ہے اس کیس میں عدالتی معاون بھی مقررکریں، یہ معاملہ کنٹونمنٹ کےعلاقوں میں بھی ہے، درخواست میں اس پر توجہ نہیں دی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتا سکتے ہیں آپ نے کنٹونمنٹ بورڈز کو فریق کیوں نہیں بنایا، کیا کوئی خاص وجہ ہے۔ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ مہلت دیں کنٹونمنٹ کو بھی درخواست میں شامل کرلیں گے۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ آج اس معاملے پرکوئی اہم ہدایات جاری کریں گے۔

Karachi Police

Sindh High Court

Illegal parking

parking