Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ کیس: سابق وزیراعظم نوازشریف نیب میں شامل تفتیش ہوگئے

سابق وزیراعظم نے گزشتہ روز نیب کو سوالات کا جواب جمع کروا دیا تھا
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2023 12:18pm
قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف۔ فوٹو — فائل
قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف۔ فوٹو — فائل

توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نیب میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز نیب کے سوالات کا جواب جمع کرادیا تھا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نیب میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور انہوں نے نیب کے سوالنامے کا جواب جمع کروا دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نیب نے نوازشریف سے توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں 10سے زائد سوالات کا جواب مانگا تھا، جس پر نوازشریف نے اپنے وکیل کے ذریعے گزشتہ روز نیب کو سوالات کا جواب جمع کرادیا۔

نیب تفتیشی افسر نے احتساب عدالت کو آگاہ کردیا ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزرائے اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر راناعرفان عدالت میں پیش ہوئے۔ جب کہ نیب پراسیکیوٹرعرفان بھولا اور سہیل عارف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح کے دلائل

وکیل قاضی مصباح نے مؤقف اختیار کیا کہ نوازشریف شامل تفتیش ہو چکے، سوالنامہ مہیا کیا گیا تھا، نوازشریف نے سوالنامے کا جواب داخل کر دیا ہے۔

قاضی مصباح نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف 2019 میں ریفرنس بنایا گیا تھا، اس وقت نوازشریف انتہائی علیل تھے، انہوں نے گاڑی لینے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا، اور یہ ریکارڈ پرموجود ہے کہ نوازشریف نے گاڑی نہیں مانگی تھی۔

نیب پراسیکیوٹر نے تصدیق کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کی جانب سے گزشتہ روز جواب جمع ہو گیا تھا، یہ تفتیشی نے بتا دیا ہے، مزید کارروائی ہوگی، اس کیلئے کچھ وقت درکار ہو گا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس میں نوازشریف کی گاڑی لکھی جس کی واپسی کا ریکارڈ نہیں، جب کہ ایسے دستاویز نہیں کہ نوازشریف نے کوئی گاڑی مانگی ہو۔

جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اب اس پر کیا کریں گے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نوازشریف کا بیان دیکھیں گے، پھر مزید کارروائی ہوگی۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے نیب کو نوازشریف کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کی تھی، نیب تفتیش کی روشنی میں حتمی رپورٹ عدالت میں جمع کروائے گی۔

accountability court

Nawaz Sharif

tosha khana case

NAB Court