Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بینکوں کی ونڈ فال آمدن پر 40 فیصد اضافی ٹیکس کا اطلاق معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا
شائع 29 نومبر 2023 10:56pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینکوں کی ونڈ فال آمدن پر 40 فیصد اضافی ٹیکس کا اطلاق معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت عالیہ نے ایف بی آر کی جانب سے جاری اضافی ٹیکس سے متعلق ایس آر او معطل قرار دے دیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل سلمان اکرم راجہ کے مطابق یہ اضافی ٹیکس نگراں حکومت کی جانب سے لگایا گیا ہے، درخواست گزار وکیل کے مطابق ٹیکسیشن کے معاملات نگران حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سیکشن 99 ڈی کے تحت اضافی ٹیکس کے اطلاق کا نوٹیفکیشن قومی اسمبلی میں پیش کرنا ضروری ہے، اضافی ٹیکس کے نوٹیفکیشن کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا ہونا ضروری ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ اگر قومی اسمبلی موجود بھی ہے تو عین ممکن ہے کہ اضافی ٹیکس کے نوٹیفکیشن کی حمایت نہ کرے، اگر قومی اسمبلی اضافی ٹیکس کی حمایت نہیں کرتی تو ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا، ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کا ایس آر او آئندہ سماعت تک معطل کیا جاتا ہے، درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں، آئندہ سماعت 8 دسمبر کو ہوگی۔

خیال رہے کہ ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کے خلاف درخواست عسکری بینک نے دائر کر رکھی ہے۔

وفاقی کابینہ نے بینکوں کے غیرمعمولی منافع پر 15 نومبر کو 40 فیصد ٹیکس لگانے کی منظوری دی تھی۔

بینکوں نے غیرمعمولی منافع سال 2021 اور سال 2022 میں زرمبادلہ کے لین دین سے حاصل کیا تھا۔

اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ سال 2022 میں بینکوں نے 80 ارب 92 کروڑ روپے کا منافع کمایا تھا جبکہ سال 2021 میں بینکوں نے 42 ارب روپے کا منافع کمایا تھا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 22 نومبر کو بینکوں کے غیر معمولی منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بینکوں کے غیر معمولی منافع پر ٹیکس آئی ایم ایف کے مطالبے پر لگایا گیا۔

ایف بی آر کے مطابق ونڈ فال ٹیکس سے سالانہ 33 سے 35 ارب کے درمیان ٹیکس وصول ہوگا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او کے مطابق بینکوں کے اضافی منافع پر 40 فیصد ٹیکس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 30 نومبر ہوگی۔

IHC

Islamabad High Court

Profits of banks

Windfall Tax