Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا، اسی نے سرخرو کیا ، نواز شریف کا بریت کے فیصلے پر رد عمل

العزیزیہ ریفرنس معاملہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے، قائدن لیگ، مریم کا ردعمل بھی آگیا
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2023 07:09pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا اسی نے سرخرو کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں بری کرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے کے بعد ن لیگ کے قائد نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا، اللہ نے سرخرو کیا ہے’۔

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے مزید کہا کہ العزیزیہ ریفرنس معاملہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

ایک صحافی نے پوچھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جگہ اب بیرسٹر گوہر بن گئے ہیں تو اس پر کیا کہیں گے؟ تو نواز شریف نے کہا کہ بس یہی قدرت کا نظام ہے۔

عدالت سے فیصلہ سامنے آنے پر ن لیگی کارکنوں نے عدالت کے باہر نعرے بازی شروع کردی اور وزیراعظم نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔

نواز شریف لاہور پہنچ گئے

بعد ازاں نوازشریف اسحاق ڈار سے گلے ملے اور اسلام آباد سے خصوصی طیارے پر لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔

تاہم اب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے پرانے ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کرتے ہوئے احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دیدی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف درخواست واپس لے لی جس کی بنیاد پر عدالت نے اسے خارج کر دیا۔

مریم نواز کی ٹویٹ

دوسری جانب ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایکس پر ٹویٹ میں کہا کہ جب انسان ظلم سہنے کے باوجود اپنے معاملات اللّہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے تو وہ پوری دنیا کے سامنے انسان کو کس طرح سُرخرو کرتا ہے، یہ اس کی ایک مثال ہے۔

شہباز شریف کا نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بریت پر تشکرکا اظہار کیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا، بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا، الحمدللہ۔

ن لیگ کے صدر نے مزید کہا کہ قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو، کیس کے دوران قید خانے، زنداں، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی، کردار کشی کا ہر حربہ اختیار کیا گیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے قائد محمد نواز شریف کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں، بیٹی مریم نواز شریف کو مبارک دیتا ہوں جس نےجبر کا مقابلہ کیا۔

Nawaz Sharif

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

nawaz sharif returns 2023

Avenfield Apartments and Al Azizia references