عُشنا شاہ کو فلسطین کی حمایت مہنگی پڑ گئی
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عُشنا شاہ کو غزہ کیلئے آواز اٹھانا مہنگا پڑگیا، اداکارہ کا انسٹا اکاؤنٹ شیڈو بین کردیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عُشنا شاہ نے اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی ۔
انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے انسٹاگرام پر شیڈو بین(Shadow banned) کردیا گیا ہے، میں نہیں جانتی کہ ایکس کیسے کام کرتا ہے لیکن میں یہ ضرور جانتی ہوں کہ ہم بولنا بند نہیں کریں گے‘۔
اداکارہ نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ ’دراصل شیڈوبین مشہور شخصیات کو غزہ کے حق میں بولنے سے روکنے کا ایک طریقہ ہے۔ جو لوگ اپنے فالوورز اور شہرت کھونے سے ڈرتے ہیں وہ شیڈوبین کے بعد خاموش ہوجائیں گے لیکن میں چُپ نہیں رہوں گی‘۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ براہِ کرم، آپ بھی ایسا کریں اور شیڈوبین کے ڈر سے ہر گز خاموش نہیں ہوں‘۔
انہوں نے جنگ بندی سے متعلق مزید کہا کہ ’اس کے بارے میں بات کرتے رہیں، غزہ میں عارضی جنگ بندی ختم ہورہی ہے اور اب اسرائیل فلسطینیوں پر مزید ظلم کرے گا‘۔
عُشنا شاہ غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینیوں کیلئے پہلے ہی دن سے آواز اٹھا رہی ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بدولت اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے اداکارہ نے خوب بے نقاب کیا ہے۔
جب کسی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو شیڈوبین کیا جاتا ہے تو اُس صارف کی پوسٹ اُس کے مداحوں کو ٹائم لائن کے اوپر نظر نہیں آتی اور نہ ہی وہ اکاؤنٹ سرچ لِسٹ میں نظر آتا ہے۔
اس سے قبل فلسطین کی حمایت کرنے پر مقبول اداکارہ ماہرہ خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی شیڈوبین کردیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.