سانحہ آرجے مال: جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے گا، سندھ ہائیکورٹ
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے اور متعلقہ اداروں اور حکومت کو واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
درخواست ندیم شیخ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس پر قائم مقام چیف جسٹس سمیت 2 رکنی بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے آتشزدگی میں شہریوں کی اموات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے اور حکومت افسوس ناک واقعے کی انکوائری کرائیں۔
مزید پڑھیں: آگ سے بچنے والا شخص امدادی کارکنوں کی لڑائی میں پھنس گیا، آکسیجن سے محروم
عدالت نے حکم دیا ہے کہ شاپنگ مال میں لگنے والی آگ اور انسانی جانوں کے نقصان کا پتہ چلایا جائے اور غفلت اور لاپرواہی کے ٹھوس شواہد ملیں تو ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے، جب کہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو قانون کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد میں ایک ہی محلے کے بلال اور سلمان بھی شامل
سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت، کنٹونمنٹ بورڈ، کمشنر کراچی اور دیگر سے 7 دسمبر تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ 25 نومبر کو کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ آتشزدگی کے اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ شاپنگ سینٹر کی درجنوں دکانیں بھی جل گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل پر صبح ساڑھے 6 بجے لگی جس پرتقریباً ساڑھے 10 بجے قابو پایا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی: آگ سے متاثرہ مال کی عمارت سیل کرنے کا فیصلہ
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ عمارت میں آگ بجھانے کے آلات اور ایمرجنسی اخراج کا راستہ موجود نہیں، اور عمارت چاروں جانب سے بند ہے، ہوا کے اخراج کا راستہ بند کئے جانے کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔
Comments are closed on this story.