Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کپتانی میرے لیے موقع ہے لیکن عہدے عارضی ہوتے ہیں، شان مسعود

ابھی کچھ نہیں بتا سکتے، آسٹریلیا پہنچ کر ہی 11 رکنی اسکواڈ کا فیصلہ کرینگے، ٹیسٹ کپتان
شائع 29 نومبر 2023 11:59am
شان مسعود کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس۔ فوٹو — پی سی بی
شان مسعود کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس۔ فوٹو — پی سی بی

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ کپتانی میرے لیے ایک موقع ہے لیکن عہدے عارضی ہوتے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئےشان مسعود نے کہا کہ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آیا، جہاں تک میری فارم کی بات ہے تو میں نے صرف ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی، انٹرنیشنل نہیں، لہٰذا میری کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف اچھی پرفامنس دوں۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی میرے لیے ایک موقع ہے لیکن تمام عہدے عارضی ہوتے ہیں، پھر بھی کوشش ہوگی ٹیم کے لیے اچھے سے اچھاکھیلیں اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ میں پوائنٹس حاصل کریں۔

سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جو ٹیم چاہتے تھے ہمیں وہی ٹیم ملی

شان مسعود نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کو اپنے لئے چیلنج سمجھ رہے ہیں، ٹیم سلیکشن کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جو ٹیم چاہتے تھے ہمیں وہی ٹیم ملی ہے، سینئرکی مشاورت سے بہترکارکردگی دکھائیں گے۔

قومی کرکٹر بے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں 20 آؤٹ کرنے ہوتے ہیں اس لیے اسپنر کھلانا ضروری ہے اور اگر اضافی بیٹر کی ضرورت ہوئی تو اسے لیکر میدان میں اتریں گے، ہماری ٹیسٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چار سال بعد آسٹریلیا میں ان ہی کے خلاف کھیلیں گے تو ظاہر اب کھیلنا مختلف ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم میں گیند باؤنس ہوتی ہے، اس لیے وہاں ٹریننگ سیشنز کیے۔ البتہ پاکستانی پچز کو آسٹریلیوی پچز نہیں بنا سکتے، ہر جگہ کی پچ کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں۔

پلان ہے میں تیسرے اور بابراعظم چوتھے نمبر پر کھیلیں

بیٹنگ آرڈر پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اوپننگ میں امام الحق اور عبدا اللہ شفیق اچھی پرفامنس دے رہے ہیں، ہمارا پلان ہے کہ میں تیسرے نمبر پرکھیلوں کیونکہ میں ڈومیسٹک میں بھی اسی نمبر پربیٹنگ کی ہے جب کہ بابراعظم اپنے چوتھے نمبر پر ہی کھیلیں گے۔

بابراعظم کے حوالے سے شان مسعود نے کہا کہ بابراعظم سے میرا ُپرانا تعلق اور اچھی دوستی ہے، ہم نے اسلام آباد کے لیے ایک ساتھ کھیلنا شروع کیا تھا، بابر بیٹنگ گروپ کا لیڈر ہے۔

سرفراز احمد کا ہونا ہی ہمارے لیے بڑی بات ہے

سابق کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سرفراز احمد کا ہونا ہی ہمارے لیے بڑی بات ہے، وہ قومی ٹیم کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک ہیں۔

کوشش تھی حارث رؤف اسکواڈ میں شامل ہوں لیکن وہ دستیاب نہیں

شان مسعود کا کہنا تھا کہ بولنگ میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی، کوشش تھی حارث رؤف اسکواڈ میں شامل ہوں لیکن وہ دستیاب نہیں ہیں۔

پلیئنگ الیون پر ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کا آسٹریلیا میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہے لیکن وہاں پہنچ کر ہی 11 رکنی اسکواڈ کا فیصلہ کریں گے، ابھی سے کچھ نہیں بتا سکتے۔

آسٹریلیا کا کھیلنے کا انداز ہمارے کنٹرول میں نہیں

اپنی پریس کانفرنس میں شان مسعود نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کا کھیلنے کا انداز ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن ہمارے کنٹرول میں اپنا کھیلنے کا انداز ہے، مخلاف ٹیم کا مشاہدہ ضرور کر سکتے ہیں اور انہیں ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے۔

PCB

shan masood

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)