Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کی طلبی، حافظ گل بہادر کی گرفتاری اور حوالگی کا مطالبہ

افغان ناظم الامور دفتر خارجہ طلب، خودکش حملے پر شدید احتجاج
اپ ڈیٹ 28 نومبر 2023 07:42pm

پاکستان نے بنوں خود کش حملے کے معاملے پر افغان ناظم الامور سردار شکیب کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

افغان ناظم الامور کی طلبی پر پاکستان کی جانب سے 26 نومبر کو ضلع بنوں میں ایک افغان شہری کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

افغان ناظم الامور پر واضح کیا گیا کہ بنوں حملے کے مرتکب افراد اور منصوبہ سازوں کے خلاف مکمل تحقیقات اور کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے زور دیا ہے کہ افغان حکومت تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر قابل تصدیق کارروائیاں کریں۔

افغان ناظم الامور کو واضح طور پر کہا گیا کہ حافظ گل بہادر کو پکڑ کر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

افغان طالبان کو کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکیں۔

بنوں خودکش حملہ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خود کش دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اتوار کی شب ضلع بنوں کے علاقے بکہ خیل میں ایک موٹر سائیکل سوار نے سکیورٹی فورسز کے قافلے میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔

’خود کش حملے کے نتیجے میں دو عام شہری جاں بحق ہوئے، جب کہ سات شہری اور تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خود کش حملہ آور حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ تھا اور بعد ازاں اس کی شناخت ایک افغان شہری کے طور ہوئی۔

TTP

Bannu Suicide Attack

Chargé d'Affaires Afghanistan

Pakistan Protest

Hafiz Gul Bahadur