پی ٹی وی کی 59ویں سالگرہ: محسن نقوی کو پنجاب کا شیر شاہ سوری کہا جانا چاہیے، مرتضیٰ سولنگی
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی 59ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اور وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر عامر میر کے ہمراہ کیک کاٹا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سالگرہ کی تقریب میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب اور حکومت پنجاب کی طرف سے پی ٹی وی والوں کو 59ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں۔ میری نیک خواہشات پی ٹی وی اور اس کے ملازمین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تقریب تب تک شروع نہیں ہوتی جب تک پی ٹی وی کا کیمرہ آن نہ ہوجائے۔ بطور براڈ کاسٹر سمجھتا ہوں کہ ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی پذیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی بہترین ادارہ ہے، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا پر مزید کام کرنا ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے پی ٹی وی کو ڈیجیٹل میڈیا پر کام کرنا ہوگا۔ پی ٹی وی کو 70 فیصد ڈیجیٹل میڈیا اور 30 فیصد الیکٹرانک میڈیا پر فوکس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو ادارے پرنٹ میڈیا تک رہے اور الیکٹرانک میڈیا میں نہیں آئے وہ پیچھے رہ گئے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بطور انٹرنی پی ٹی وی کا آڈٹ کرنے اس بلڈنگ میں آتا رہا ہوں۔ مرتضیٰ سولنگی کا تبصرہ جامع اوردیانتدارانہ ہوتا ہے، ہم انہیں منتری مانتے ہیں۔ مرتضی سولنگی نے ریڈیو پاکستان میں اصلاعات کیں اور اب انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سنبھال رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ لوگ محسن نقوی کو اب ”محسن“ ماننے لگے ہیں، انہیں پنجاب کا شیر شاہ سوری کہا جانا چاہیے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بطور صحافی اور براڈ کاسٹر محسن نقوی کو ترقی کا سفر طے کرتے دیکھا ہے۔
Comments are closed on this story.