Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

چین کی 6 ممالک کو ’ویزہ فری انٹری‘ کی اجازت، کیا پاکستان شامل ہے؟

ویزا فری انٹری کیساتھ شہری 15 روز تک قیام کر سکیں گے
شائع 25 نومبر 2023 01:29pm
تصویر —  پکس بے/فائل
تصویر — پکس بے/فائل

چین نے دنیا کے چھ ممالک کے شہریوں کو ملک میں ویزے کے بغیر داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی جانب سے عارضی طور پر چھ ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ رواں سال یکم دسمبر سے آئندہ سال 30 نومبر تک جرمنی، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، سپین اور ملائیشیا کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اِن ممالک کے شہری کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے چین میں بغیر ویزا کے داخل ہوسکیں گے اور 15 روز تک قیام کر سکیں گے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خاتمے کے بعد چین نے سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کررہا ہے، جن کا مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

حال میں ’پیو ریسرچ سینٹر‘ کے سروے سے معلوم ہوا کہ دنیا کے 24 ممالک میں 67 فیصد افراد چین کے حوالے سے منفی خیالات رکھتے ہیں۔

چین میں جرمنی کی سفیر پیٹریشیا فلور نے ویزا فری انٹری کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ فیصلہ جرمنی کے شہریوں کو چین کی جانب سفر کے لیے بہت سہولت فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ چین گذشتہ کئی برسوں سے یورپ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بہتر بنانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

china

پاکستان

Visa Free Entry