کراچی میں معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کی 2 برانچیں سیل
کراچی میں حکام نے معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کی دو برانچوں کو سیل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ریونیو بورڈ نے کراچی میں ریڈ ایپل ریسٹورنٹ کی دو برانچوں کو پوائنٹ آف سیل سے منسلک نہ ہونے پر سیل کیا۔
سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فاسٹ فوڈ برانڈ کی ڈیفنس کھڈا مارکیٹ اور کلفٹن بلاک 2 میں واقع دو برانچوں کو سیل کیا گیا۔
سندھ ریونیو بورڈ نے کہا ہے کہ متعدد نوٹسز بھیجنے کے باوجود متعلقہ ریسٹورنٹ کو پوائنٹ آف سیل سے منسلک نہیں کیا گیا، جس کے بعد اس کے خلاف کارروائی کی گئی۔
حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت سالانہ 50 لاکھ روپے سے زائد کا کاروبار کرنے والوں کو پوائنٹ آف سیل سے منسلک کرنا لازمی ہے۔
بورڈ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ریستورانوں میں کھانا کھانے کے بعد اصل رسید ضرور طلب کریں۔
Comments are closed on this story.