Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

جھوٹے دعوے نہ کیے جائیں، تین مرتبہ وزیراعظم بن چکا، عہدے کا لالچ نہیں، نواز شریف

ماضی سے ہم نے کچھ نہیں سیکھا اس لئے یہ حال ہے، نواز شریف
شائع 23 نومبر 2023 02:44pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اس لئے یہ حال ہے، جھوٹے دعوے نہ کیے جائیں، تین مرتبہ وزیراعظم بن چکا، عہدے کا لالچ نہیں، ہمارے بعد کی حکومت نے سب کچھ تباہ کردیا۔

مری میں ورکرز سے ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے لیگی قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں کے بھائیوں سے بہت پرانا رشتہ ہے، یہ میرا دوسرا گھر ہے، اور میرا یہاں سے رشتہ بہت مضبوط ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی، ہم نے دن رات محنت کرکے منصوبے مکمل کیے، اور 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ملک میں کوئلے کے بڑے ذخائر ہیں، استعمال نہ کیے تو کوئلے کے ذخائر کا کیا فائدہ، ہمارے دور میں پہلی بار کوئلے پر کام شروع ہوا، اور ہم نے وہاں سے بجلی پیدا کی، اب بھی اس کوئلے سے ہزاروں لاکھوں میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ اللہ دھوکا دینے اور جھوٹ بولنے والے کو کیسے معاف کرے گا، میں سیاست میں جھوٹ نہیں بولتا، جو بات کہیں وہ سوچ سمجھ کر کریں اور عمل کریں، جھوٹ بول کرعوام سے ووٹ نہیں مانگے جاتے، مجھے اللہ نے سب کچھ دیا ہے، مجھے عہدے یا منصب کا کوئی لالچ نہیں، میں تین بار ملک کا وزیراعظم بن چکا ہوں۔

لیگی قائد کاکہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، پاکستان کو گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں لے کرگئے، مجھے کہا گیا کہ 5 ارب ڈالر لے لو دھماکے نہ کرو، لیکن میں نے کئے، میرے دور میں سبزیاں 10،10 روپے کلو ملتی تھیں، لوگ خوشی خوشی بجلی کے بل ادا کرتے تھے، اس دور میں ہرچیز کی فراوانی تھی۔

نوازشریف نے کہا کہ ہمارے بعد کی حکومت نے سب کچھ تباہ کردیا، غریب کے گھر کا چولہا تک بجھ گیا ہے، آج 25 ہزار روپے کمانے والا شخص گزارا نہیں کرسکتا، ملک کو اس حال پرکس نے پہنچایا ہے، ان لوگوں نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 92 ، 99 اور 2017ء میں مجھے فارغ کردیا گیا، میرے خلاف کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، مجھے اور مریم کو جیل میں رکھ کر انہیں اقتدار میں لایا گیا، ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، اس لئے یہ حال ہے، ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا۔

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023