Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئندہ وزیراعظم مسلم لیگ ن سے ہوگا، رہنما ایم کیو ایم امین الحق

شہباز اسپیڈ کو سندھ میں بھی منتقل کریں گے، نہال ہاشمی
شائع 22 نومبر 2023 02:43pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ وزیراعظم مسلم لیگ ن سے ہوگا۔ جب کہ ن لیگ کے نہال ہاشمی نے کہا کہ شہباز اسپیڈ کو سندھ میں بھی منتقل کریں گے۔

کراچی میں ایم کیوایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی ملاقات ہوئی، جس میں ایم کیو ایم کی طرف سے امین الحق، حسان صابر اور ن لیگ کے نہال ہاشمی، علی اکبر گجر اور دیگر شریک تھے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے مابین ملاقات میں سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں نظر آرہا ہے کہ الیکشن میں ن لیگ کامیاب ہوگی، اور آئندہ وزیراعظم مسلم لیگ ن سے ہوگا۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ 2018 کا الیکشن عوام کیلئے بھیانک خواب تھا، پیپلزپارٹی نے 15 سال میں سندھ کو تباہ کردیا، سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کے خلاف عوامی رد عمل پایا جاتا ہے، جبرو ظلم کے باوجود ایم کیوایم اپنی جگہ پر موجود ہے، جمعہ کے دن بہادر آباد میں ن لیگ ایم کیوایم مذاکرات ہوں گے۔

ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ سندھ کےعوام 15 سال سے گلا سڑا نظام دیکھ رہے ہیں، یہاں کے عوام کو بھی روزگار،تعلیم اور صحت کی سہولیات چاہیے، اس صوبے کے عوام بھی شہبازاسپیڈ چاہتے ہیں۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہہم سندھ میں اپناوزیراعلی لے کرآئیں گے، شہباز اسپیڈ کو سندھ میں بھی منتقل کریں گے، اور یہاں کے عوام کو سہولیات فراہم کریں گے۔

PMLN

MQM Pakistan