غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں 45 ویں روز بھی جاری، شہدا کی تعداد 13 ہزار 300 سے متجاوز
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں بلاتعطل جاری ہیں، اور فلسطینی شہدا کی تعداد 13 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہیں، جن میں 6 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں 45 ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی بمباری میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 300 سے زائد ہوگئی ہے، اور ان میں 6 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔
انڈونیشین اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد اسرائیلی ٹینکس نے اسپتال کا محاصرہ کرلیا، اور قریبی آبادیوں سے لوگوں کا انخلا تیز ہوگیا ہے۔ فلسطینی حکام نے الشفاء اسپتال سے حماس کا سرنگ ملنے کی اسرائیلی دعوے کو جھوٹ کہہ کر مسترد کردیا ہے۔
اس وقت اسرائیلی بمباری کا مرکز جنوبی علاقوں کی طرف ہے ہیں، جنگی جہازوں نے رفاہ میں نجار اسپتال کے قریب دو گھروں پر بمباری کردی، اسرائیلی فوج نے دو گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا، اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے دو غیرمتعلقہ افراد کو پناہ دی ہوئی تھی، غزہ سے بچوں کو مصر منتقل کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔
ادھر مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم میں اضافہ کر دیا ہے، ہیبرون میں نوجوان کی شہادت پر ماحول سوگوار بن گیا، مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے بعد ہر طرف کھنڈرات نظر آرہے ہیں، لبنان سرحد پر بھی کشیدگی برقرار ہے، حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی تنصیبات پر راکٹ داغ دیے۔
یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیلی تاجر کا بحری جہاز اغوا کرلیا، خبر ایجنسی کے مطابق جہاز ترکیہ سے بھارت جارہا تھا، جہاز پر عملے کے 25 افراد موجود ہیں۔
اسرائیل نے جہاز کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے، وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جہاز پر کوئی اسرائیلی موجود نہیں ہے۔
دسری جانب ایران نے جہاز کے اغوا میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کردیا، ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں شکست کا سامنا ہے اور الزام تراشی کا مقصد دنیا کی توجہ شکست سے ہٹانا ہے۔
بیت اللحم کے مسیحیوں نے غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام مسیحی فرقوں نے کرسمس نہ منانے کا اعلان کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کرسمس کی صرف مذہبی تقریبات ہوں گی، کرسمس ٹری بھی روشن نہیں کیا جائے گا۔
غزہ پر ایک طرف اسرائیلی فوج حملے کر رہی ہے تو دوسری طرف یہودی آباد کار بھی فلسطینیوں کے گھر مسمار کر رہے ہیں، صہیونی حکومت نے آبادکاروں میں اسلحہ بھی تقسیم کیا۔
Comments are closed on this story.