Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف درخواست چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ارسال

خدیجہ شاہ کے کیسز جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، عدالت
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2023 01:06pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ خدیجہ شاہ کے کیسز جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، لہذا اس کیس کو بھی اسی عدالت میں بھیجا جائے۔ عدالت نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔

15 نومبر کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے راحت بیکری کے قریب جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی تھی اور ملزمہ کو ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

تاہم 17 نومبرکو ڈپٹی کمشنرلاہور نے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے، اور ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر انہیں نظربند کردیا گیا، نوٹی فکیشن کے مطابق خدیجہ شاہ 9 مئی کو پُرتشدد کارروائیوں میں شریک رہیں۔

خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین نے اپنی اہلیہ کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی متفرق درخواست دائر کردی، جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی بدنیتی پر مبنی ہے، اور انہیں قانون کے منافی نظر بند کیا گیا۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ خدیجہ شاہ کو 15 نومبر کو ضمانت ملی، اور 15 نومبر کو ڈی سی لاہور نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، پولیس رپورٹ کے مطابق خدیجہ شاہ پر 2 مقدمات ہیں، ان کی نئے مقدمے میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے، کسی نئے کیس میں گرفتاری غیر قانونی ہے۔

مزید پڑھیں:

جلاؤ گھیراؤ کیس میں خدیجہ شاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور، صنم جاوید رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار

اشتعال انگیز ٹویٹ کیس: خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے سے ریکارڈ طلب

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹس غیر قانونی قرار دیا جائے، اور ان کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے نظر بند کرنے والے حکام کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، جب کہ خدیجہ شاہ کو لاہور کی حدود سے باہر لے جانے سے بھی روکا جائے۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس علی باقر نجفی کو ارسال کردی۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ خدیجہ شاہ کے کیسز جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، لہذا اس کیس کو بھی اسی عدالت میں بھیجا جائے۔ عدالت نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔

Lahore High Court

Punjab police

PTI Leaders arrested

khadija shah