Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

جلد لشکر غزہ مجاہدین کے ساتھ ہوں گے، پاکستانیوں کی قیادت میں کروں گا، سراج الحق

اسرائیل کے خلاف جلسوں اور ریلیوں سے کیا ہوگا؟ سراج الحق نے بتا دیا
اپ ڈیٹ 19 نومبر 2023 05:06pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

جماعت اسلامی کے امری سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایک شیطانی ریاست ہے، اسرائیل کو سامراجی قوتوں نے مل کر بنایا۔

لاہور میں جماعت اسلامی کا غزہ مارچ جاری ہے، ہر سو فلسطینی پرچموں کی بہار ہے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہے۔

غزہ مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مارچ سے دشمن کو پیغام ملے گا کہ فلسطینی اکیلے نہیں ہیں، پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن وہ ہے جو انسانیت کا دشمن ہے، بیت المقدس پر قبضہ کرنے والا ہمارا دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، نہتے فلسطینی ٹینکوں اور توپوں کے سامنےکھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں آپ کےجلسوں اور ریلیوں سےکیا ہوگا؟ بتاناچاہتا ہوں کہ جلسوں اور ریلیوں سے بیداری پیدا ہوگی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کے اجتماع نےثابت کردیا کہ فلسطین لاوارث نہیں، ہم نے فلسطین کو پیغام دیا کہ آپ اکیلے نہیں ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مائیں، بہنیں اور بچے ملبے تلے دب گئے ہیں، اسرائیل نے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر بھی بمباری کی، غزہ میں جاری قیامت صغریٰ نے امت مسلمہ کو بیدار کیا ہے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملین مارچ کا اعلان کیا تو امریکی سفیر پاکستانی سیاستدانوں سے ملے۔

سراج الحق نے کہا کہ آج انڈیا پر بھی خوف طاری ہے کہ اسرائیل کے جدید اسلحے اور ٹیکنالوجی کے باجود اگر غزہ کے عوام کامیاب ہو گئے تو کل کشمیر کے عوام بھی ہمیں شکست فاش دے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادیں ناکام ہیں، مسلم دنیا کے مسائل تب تک حل نہیں ہو سکتے جب تک مسلم حکمران مل کر جہاد کا رستہ اختیار نہیں کرتے۔

سراج الحق نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب غزہ کے رستے کھلیں گے اور عوامی لشکر غزہ کے مجاہدین کے ساتھ ہوں گے، پاکستانی عوام کی قیادت میں خود کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ کشمیر و فلسطین آزاد ہو، بے روزگاری و کرپشن ختم ہو، تعلیم و ترقی کا دور دورہ ہو تو نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو ہٹا کر اہل اور ایمان دار قیادت کو موقع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا ایجنڈا ترقی کا ہے، قرآن و سنت کی حکمرانی کا ہے، کشمیر کی آزادی اور غریبوں کے مسائل حل کرنے کا ہے۔ پاکستانی عوام ہمارا ساتھ دیں۔

Jamat e Islami

Siraj Ul Haq

Gaza March