غزہ پر حملے رکوانے کیلئے عرب وزرا نے چین جانے کا اعلان کردیا
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئےعرب، مسلم ممالک کے سربراہان چین کا دورہ کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مذکورہ دورہ رواں ماہ ریاض میں ہونے والی مشترکہ عرب اور اسلامی سربراہی کانفرنس میں طے پانے والے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کی جانب پہلا قدم ہو گا۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ پہلا پڑاؤ چین میں ہوگا، پھر ہم ایک واضح پیغام دینے کے لیے دوسرے دارالحکومتوں میں جائیں گے کہ فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور مدد کی جائے۔
سعودی وزیر خارجہ نے واضح کہا کہ ہمیں اس بحران اور غزہ پر جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے کام کرنا ہے۔
دوسری جانب فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر جوبائیڈن سے فوری جنگ بندی اور غزہ میں امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی کارروائی کو روکنے کے لیے مداخلت کریں۔
Comments are closed on this story.