افواج پاکستان کو قوم کی نظروں میں گرانے کی سازش ناکام بنانی ہوگی، عبدالقیوم ملک
ایکس سروس مین سوسائٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے، پاکستان کے خلاف فارن فنڈنگ سے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، وکلاء محاذ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ ہیں، ملکی اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور پریس کلب میں ’پاکستان کی ترقی میں وکلاء کا کردار‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایکس سروس مین سوسائٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام کمزور ہو تو پورا سسٹم بیٹھ جاتا ہے، پارلیمنٹیرین اور عدلیہ سمیت تمام ادارے اپنا اپنا کام کریں تاکہ معیشت اور جمہوریت مضبوط ہو، افواج پاکستان کو قوم کی نظروں میں گرانے کی سازش ناکام بنانی ہوگی۔
چیئرمین پاکستان لائرز محاذ اللہ بخش لغاری کا کہنا تھا کہ اگر سرحدیں کمزور ہوں گی تو نہ ادارے چل سکتے ہیں اور نہ ہی کاروبار، 9 مئی کے واقعات غیر ملکی ایجنڈا ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عدالتی نظام میں بہتری لانا ہو گی، اس کے بغیر ملک میں بیرونی سرمایہ کاری نہیں لائی جا سکتی۔
Comments are closed on this story.