Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جرمنی کے کم مقبول ایئر پورٹ پر تربیت یافتہ کتے مسافروں کا دل لبھانے لگے

'تناؤ سے نجات دلانے والے کتوں کو بی ای آر مسافروں کی طرف سے بہت اچھا رد عمل ملا ہے'
شائع 12 نومبر 2023 01:05am
کمفرٹ ڈاگ پیپر،  برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں  اپنے ٹرینر سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔ فوٹو ــ اے ایف پی
کمفرٹ ڈاگ پیپر، برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں اپنے ٹرینر سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔ فوٹو ــ اے ایف پی

جرمنی کے دارالحکومت برلن کے کم مقبول ہوائی اڈہ پر تربیت یافتہ کتے مسافروں دل لبھانے لگے ہیں۔

برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے (بی ای آر) کو مقررہ وقت سے نو سال تاخیر سے 2020 میں آپریشنل کیا گیا۔

ایئر پورٹ کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے اس پر لاگت بھی زیادہ آئی۔ جبکہ بی ای آر کو طویل چیک ان لائنوں اور عملے کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

مسافروں کو اس ایئرپورٹ سے یہ شکوہ رہتا ہے کہ یہاں پروازوں میں بڑے پیمانے پر تاخیر ہوتی ہے۔ جس سے یہاں آنے والے اعصابی دباؤ میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

انتظامہ نے مسافروں کو پرسکون رکھنے اور تناؤ سے نجات دلانے کیلئے کتوں کا سہارا لیا ہے۔ جس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔

ایئرپورٹ کا عملہ تربیت یافتہ کتوں کی انہونی حرکات سے گرم مزاج افراد کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

 برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں پالتو کتا ”بینی“ اپنے ٹرینر کے ساتھ کھڑا ہوکر مسافروں کی طرف دیکھ رہا ہے۔  فوٹو ــ اے ایف پی
برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں پالتو کتا ”بینی“ اپنے ٹرینر کے ساتھ کھڑا ہوکر مسافروں کی طرف دیکھ رہا ہے۔ فوٹو ــ اے ایف پی

ان کتوں کو اسطرح ٹرین کیا گیا ہے کہ یہ مسافروں سے ہاتھ بھی ملاتے ہیں، ان کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں۔ بچے انھیں ہاتھ لگا کر اور ان کے ساتھ کھیل کر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔

بچے تو بچے بڑے بھی کتوں کی حرکتوں سے محظوظ ہوتے ہیں اور انھیں وقت گزرنے کا احساس نہیں رہتا جس سے مسافروں کی پریشانی میں واضح کمی آتی ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ کتوں کے کھیلنے کا انداز ان کے ذہنوں کو انتظار اور یہاں کے تمام ہجوم کے ساتھ تناؤ سے دور رکھے ہوئے ہے۔ بڑوں کے ساتھ بچوں کا وقت بھی بہت اچھا گزتا ہے۔

 برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں ایک بچہ کتے کو ہاتھ لگا کر محظوظ ہورہا ہے۔ فوٹو ــ اے ایف پی
برلن برانڈن برگ ہوائی اڈے بی ای آر میں ایک بچہ کتے کو ہاتھ لگا کر محظوظ ہورہا ہے۔ فوٹو ــ اے ایف پی

ایئرپورٹ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سابق ماہر کا کہنا تھا کہ پلے فل کتوں نے اس خوف زدہ ہوائی اڈے کے مسافروں کو پرسکون کیا ہے۔

ایک اور مسافر نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ تناؤ سے نجات دلانے والے کتوں کو بی ای آر مسافروں کی طرف سے ”بہت اچھا رد عمل“ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتے صرف ان لوگوں کے پاس جاتے ہیں جو واقعی ان سے رغبت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ بی ای آر کو مقامی میڈیا کی جانب سے انتہائی ”بُرا“ قرار دیا گیا تھا کیونکہ مسلسل تکنیکی مشکلات اور بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے اس ایئرپورٹ کے افتتاح میں نو سال کی تاخیر ہوئی تھی۔ اس کی 6 بلین یورو (6.43 بلین امریکی ڈالر) لاگت منصوبہ بندی سے تین گنا زیادہ ہوگئی تھی اور بی ای آر کا جب افتتاح ہوا تو دنیا اس وقت کووڈ 19 کی لپیٹ میں تھی اور ہوائی سفر پر کئی طرح کی پابندیاں عائد تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر ہیلپ کی جانب سے کرائے گئے ایک سروے کے مطابق سابق ملٹری ایئر فیلڈ فرینکفرٹ ہان کے بعد بی ای آر جرمنی کا دوسرا سب سے کم مقبول ہوائی اڈہ ہے۔

Germany

tourists

Pet Animals

travelling

Berlin Brandenburg Airport BER