ٹانک میں مسلح افراد کا پولیس پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کے پولیس پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ نے آج نیوز کو بتایا کہ ڈی ایس پی چن شاہ کی سربراہی میں پولیس اہلکار 11 سالہ بچی کے اغواء کاروں کی تلاش میں گاوں شاہ نور میں موجود تھے کہ گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او عبدالعلی، کانسٹیبل وہاب اور محمد عالم جاں بحق ہوگئے۔
حملے میں ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن کو زخمی حالات میں ٹانک اسپتال لایا گیا جن میں سے 3 شدید زخمیوں ڈی ایس پی چن شاہ، اکرام اور ریاض کو ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں
گھوٹکی میں ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید
سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر ٹانک میں آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پنچ گئی ہے اور حملہ اوروں کی تلاش جاری ہے۔
مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
دوسری جانب ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی ڈی پی او آفس ٹانک میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ نماز جنازہ میں سول، عسکری اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
پولیس کے چاک وچوبند دستے نے شہیداء کو سلامی پیش کی، گاؤں شاہ نور میں پولیس پارٹی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ میں 3 اہلکار شہید ہوئے تھے۔
شہیداء میں ایس ایچ او عبدالعلی، کانسٹیبل وہاب،اور محمد عالم شامل ہیں، حملے میں ڈی ایس پی سمیت چار ہلکار زخمی ہوئے تھے۔
Comments are closed on this story.