Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
11 Rajab 1446  

یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل اور حماس کے درمیان اتفاق، شہدا کی تعداد 11,078 ہوگئی

اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں میں 4 ہزار 506 بچے بھی شامل ہیں، رپورٹ
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2023 07:59pm
فوٹو ــ روئٹرز
فوٹو ــ روئٹرز

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئےاسرائیل اورحماس کے درمیان اتفاق رائےہوگیا ہے، جس کے تحت اسرائیل جیلوں میں قید فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا، اوربدلےمیں حماس 100یرغمالی خواتین اوربچوں کو رہا کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل اور حماس کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت اسرائیل جیلوں میں قید فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہاکرے گا، اور اس کے بدلے میں حماس بھی 100 یرغمال اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ انسانی بنیادوں پر طے پانے والے اس معاہدے کے حوالے سے قطر میں کئی ہفتوں سے بات چیت ہو رہی تھی، اور دونوں فریقین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس نے اسرائیلیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے 240 افراد یرغمال بنائے ہوئے ہیں، ان میں سے ثالثی (قطر) اب تک صرف 4 یرغمالیوں کو رہا کرنے میں کامیاب ہوا، 20 اکتوبر کو دو امریکی، اور 23 تاریخ کو دو اسرائیلیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

دوسری غزہ کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر شدید بمباری کی اور 27 اکتوبر کو زمینی آپریشن شروع کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 11,078 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ ترعام شہری اور 4 ہزار 506 بچے بھی شامل ہیں، جب کہ اب تک 27,490 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ پر اسرائیل بمباری کا 35 واں روز

دوسری جانب گزشتہ رات اسرائیل کی بمباری سے مزید 240 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہے، اور27 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے 4 ہزار سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں جب کہ 1400سے زائد بچے لاپتہ ہیں اور ان کے ملبے تلے دبے ہونے کاخدشہ ہے۔

غزہ شہر میں رہائشی عمارت پر بمباری سے 19 فلسطینی شہید ہوئے، جبالیہ کیمپ پر بھی حملے میں 15 شہید ہوئے، اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 6 فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیل کے اسپتالوں پر فضائی حملوں میں تیزی

غزہ شہر میں بچوں کے اسپتال پرفضائی حملے میں 3 شہید ہوگئے، اسرائیل کی جانب سے انڈونیشیا کے اسپتال کے قریب 11 میزائل داغے گئے، الشفاء اسپتال کمپلیکس پر بھی حملہ کیا گیا جس میں 13 افراد شہید ہوئے، جب کہ مزید 50 ہزار سے زائد فلسطینی شمالی غزہ چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

مغربی کنارے پر اسرائیلی حملوں میں 43 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 176 ہو گئی ہے، غزہ میں داخل ہونے والی امدادی ترسیل میں اب تک ایندھن شامل نہیں ہے، اور ایک دن میں صرف 65 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔

دوسری جانب حماس کی زمینی جوابی کاروائی میں 35 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔

واضح رہے کہ 9 اکتوبر کو خبر رساں ادارے ”روئٹرز“ نے رپورٹ شائع کی تھی کہ قطر اسرائیلی جیلوں سے 36 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے میں قید اسرائیلی خواتین اور بچوں کی رہائی کے لیے حماس کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

ذرائع نے ایجنسی کو بتایا کہ ’مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں‘ لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں:

حماس کے حملے پر سعودی عرب، قطر سمیت عالمی ردعمل آگیا

’قطر کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر 2 امریکی یرغمالی رہا‘

دوسری جانب چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا“ کا کہنا تھا کہ حماس نے قطر کو مطلع کیا ہے کہ اسے قابض اسرائیلی حکومت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر اعتراض نہیں ہے، جس میں تمام فلسطینی خواتین قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔

ژنہوا نے بھی کہا کہ قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے میں ثالثی کر رہا ہے۔

Israel

Palestinian Israeli Conflict