Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عام انتخابات میں کنگز پارٹی کا وہی حال ہوگا جو 2008 میں ہوا تھا، چیئرمین پیپلزپارٹی

ن لیگ اور ایم کیوایم کا اتحاد پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچائے گا، بلاول بھٹو
شائع 10 نومبر 2023 06:12pm
فوٹو:آج نیوز
فوٹو:آج نیوز

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں کنگز پارٹی کا برا حال ہوگا، ن لیگ اور ایم کیوایم کا اتحاد پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بہت محنتی ہیں، ان کے لئے اچھی تفریحی مقامات ہونے چاہیے، ہم شہر کے تفریحی مقامات کو بہتر بنا رہے ہیں، اور پبلک اسپیسز پر توجہ دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کےعوام نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو جتوایا، عام انتخابات میں بھی اس شہر کے عوام ہماری جماعت کو ہی ووٹ دیں گے، صوبے اور بلدیات میں ایک جماعت کی حکومت ہوگی تو بہتری آئے گی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی دور میں ہم اپوزیشن میں تھے، اس وقت سندھ کے وسائل پر ڈاکے مارے جارہے تھے، لیکن پھر بھی ہم نے شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کیلئے بہت محنت کی۔ عدم اعتماد پر قمرجاوید باجوہ کا بیان آیا کہ ہم نیوٹرل ہیں، یہ بھی پیغام آیا کہ وہ الیکشن کرانے کو تیار ہیں، عدم اعتماد سے2 دن پہلے پیغام آیا کہ تحریک واپس لے لیں، اس طرح کے پیغامات بتاتے ہیں کہ ہمیں ان کی کوئی سپورٹ نہیں تھی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کنگزپارٹی ہر الیکشن میں کسی نہ کسی صورت میں واپس آجاتی ہے، لیکن اس بار اس کا وہی حال ہو گا جو 2008 میں ہم نے کیا تھا، عام انتخابات میں کنگز پارٹی کا برا حال ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فضل الرحمان کی سیاست سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہے، ہم ان کے ساتھ مل کر بھی الیکشن لڑسکتے ہیں، اور ان کے خلاف بھی، ن لیگ اور ایم کیو ایم کا اتحاد پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچائے گا، ہم تین نسلوں سےجدوجہد کررہے ہیں، ہمارا مقصد ہے کہ ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جو مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے وہ عوام کےساتھ کیا کھڑے ہوں گے، اپنی پارٹی سے بے وفائی کرنے والوں کو الیکشن میں قیمت چکانی ہوگی، پی ٹی آئی کو آج یاد آیا ہے کہ آئین وجمہوریت بھی کوئی چیز ہے، پی ٹی آئی کل تک جمہوریت اور آئین پریقین نہیں رکھتی تھی، ان کے لئے سیاسی سفر میں یہ سیکھنے کاموقع ہے۔

pti

PMLN

Bilawal Bhutto Zardari