Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

وسیم اکرم نے پاکستان کے فائنل 4 میں پہنچنے کا راستہ نکال لیا

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کے ساتھ ہی گرین شرٹس کی امیدیںدم توڑ گئی ہیں
شائع 10 نومبر 2023 03:26pm

ورلڈ کپ میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے فائنل 4 میں ہونے کی امیدیں تقریباً دم توڑ چکی ہیں۔

ایم چناسوامی سٹیڈیم بنگلورو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے41 ویں میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست ہوئی۔ پاکستان کے فائنل 4 میں پہنچنے کے امکانات لنکن ٹائیگرز کی جیت سے جڑے تھے ۔ لیکن بظاہر اب یہ خواب پورا ہوتا انتہائی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

اب صورتحال کچھ یوں ہے کہ پاکستان اپنا آخری لیگ میچ ہفتہ 11 نومبرکو انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا اورسیمی فائنل تک رسائی کیلئے گرین شرٹس کو انگلش ٹیم کو کم سے کم 287 رنز سے ہرانا ہوگا۔

پہلے بولنگ کی صورت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہدف حاصل کرنے کیلئے صرف 2.4 اوورز ملیں گے۔

اس طرح سے فائنل 4 میں جگہ بنانا تقریباً ناممکن ہی ہے لیکن سابق کپتان وسیم اکرم نے شائقین کو ایک نیا حل سُجھایا ہے۔

نجی اسپورٹس ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں شریک وسیم اکرم نے آف کیمرہ گفتگو میں کہا کہ اس میچ میں پاکستان پہلے بیٹنگ کرے،، اس کے بعد انگلینڈ کی پوری ٹیم 20 منٹ کیلئے ڈریسنگ روم میں بند کرکے کھلاڑیوں کو ٹائم آؤٹ کر دیا جائے تو پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتا ہے۔

یہ بھی جان لیں کہ وسیم اکرم نے مداحوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے یہ ’انوکھا مشورہ‘ آن ائر نہیں دیا تھا لیکن پروگرام کے میزبان فخر عالم نے انہیں یاد دلایا کہ آپ نے ایسا کہا تھا۔

اس پر سابق کپتان نے دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وہی باتیں یاد رہتی ہیں جو وہ یاد رکھنا چاہیں۔

پاکستان

Wasim Akram

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023