بھارت کی قطر میں بحریہ کے 8 سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل
بھارتی حکومت نے کہا کہ قطر میں انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے میں قطری حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ قطر کی عدالت نے بھارتی شہریوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ 26 اکتوبر کو سنایا تھا۔ قطری عدالت کی جانب سے دیا گیا فیصلہ کانفیڈینشل ہے اور فیصلے کی کاپی کو صرف قانونی ماہرین کی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
ارندم باگچی کا کہنا تھا کہ قطر کی عدالت کے انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس حوالے سے عدالت میں ایک اپیل فائل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قطر کی عدالت نے گزشتہ دنوں بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنائی تھی، ان اہلکاروں کو گزشتہ سال اگست میں دوحہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ قطر کی عدالت کی طرف سے اسرائیل کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزائے موت پانے والے آٹھ سابق بحریہ اہلکاروں کی رہائی کے لئے ”ہر ممکن کوشش“ کی جائے گی۔
جمعرات کو دی گئی پریس بریفنگ میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت اس معاملے میں قطری حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سات نومبر کو قطر میں واقع انڈین سفارتحانے کو سزا پانے والے آٹھ شہریوں تک قونصلر رسائی دی گئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ جے ایس شنکر نے سزائے موت پانے والے افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کی تھی جبکہ حکومت جہاں تک ممکن ہوا اہلکاروں کو قانونی اور قونصلر مدد فراہم کرتی رہے گی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ بہت ہی حساس نوعیت کا ہے اس لیے اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے مکمل گریز کرنا چاہیے۔
بی بی سی اردو نے انڈین ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سزائے موت پانے والے انڈین بحریہ کے سابق افسران کی شناخت کمانڈر (ریٹائرڈ) پورنیندو تیواری، کیپٹن (ریٹائرڈ) نوتیج سنگھ گل، کمانڈر (ریٹائرڈ) بیرندر کمار ورما، کیپٹن (ریٹائرڈ) سوربھ وششت، کمانڈر (ریٹائرڈ) سوگناکر پکالا، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال اور سیلر راگیش کے طور کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سزا پانے والے انڈین بحریہ کے سابق اہلکار دوحہ میں قائم ’الظاہرہ العالمی کنسلٹینسی اینڈ سروسز‘ کے لیے کام کرتے تھے۔ یہ کمپنی قطر کی بحریہ کو تربیت اور ساز و سامان فراہم کرتی ہے۔
Comments are closed on this story.