Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

رشیدہ طلیب کیخلاف کارروائی کا سبب بننے والا فلسطینی نعرہ ’دریا سے سمندر تک‘ کیا ہے

برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈی میکڈونلڈ کو بھی یہ نعرہ لگانے پر معطل کیا گیا
اپ ڈیٹ 08 نومبر 2023 03:41pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

فلسطینی نعرہ من النھر فی البحر ’دریا سے سمندر تک‘ لگانے پر امریکی کانگریس کی رکن رشیدہ طلیب کے خلاف قرارداد منظور ہوئی ہے جب کہ برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈی میکڈونلڈ کو بھی اسی معاملے پر معطل کیا گیا۔

آسٹریا کی پولیس نے بھی یہ نعرہ لگانے والی احتجاجی ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

بیروت سے لے کر لندن تک، تیونس سے روم تک، غزہ پر اسرائیل کی مسلسل بمباری کے خاتمے اور جنگ بندی کے مطالبے اس نعرے کے ساتھ گونج رہے تھے: ”دریا سے لے کر سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا۔“

دریائے اردن سے بحیرہ روم تک آزادی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کی جانب سے لگائے گئے اس نعرے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اور دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت کے لئے نکلنے والے مظاہرین کو اس نعرے کے استعمال سے روکا جارہا ہے۔ کیوں کہ ناقدین نے غزہ پر اسرائیل کے حملے کے دوران اس نعرے کے استعمال کو یہود مخالف قرار دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نعرے کی جڑیں زیادہ پیچیدہ ہیں۔ فلسطینی پرچم لہرانے والے ہجوم کے سامنے دنیا بھر میں گونجنے والا یہ نعرہ فلسطین کی تاریخی سرزمین پر ظلم و ستم سے آزادی کی خواہش کا اظہار کرتا ہے، تاہم اسرائیل اور اس کے حامی اس جملے کو حماس کے حمایت اور یہود مخالف قرار دیتے ہیں۔

نعرہ لگانے پر برطانوی رکن پارلیمنٹ معطل

پیر کے روز رکن پارلیمنٹ اینڈی میکڈونلڈ نے فلسطینیوں کے حق میں ایک ریلی میں تقریر کے دوران ”دریا اور سمندر کے درمیان“ کا فقرہ استعمال کیا تھا، جس پر برطانیہ کی لیبر پارٹی نے انہیں معطل کر دیا ہے۔

برطانوی وزیر داخلہ سوئیلا بریورمین نے رواں ماہ کے آغاز پر فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مظاہروں کو ’نفرت انگیز مارچ‘ قرار دیا تھا اور متنبہ کیا تھا کہ اس نعرے کو اسرائیل کے خاتمے کی پرتشدد خواہش کی علامت کے طور پر دیکھا جائے۔

دوسری جانب برطانیہ میں فٹ بال ایسوسی ایشن نے اپنے کھلاڑیوں پر اپنے نجی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس نعرے کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

آسٹریا میں نعرے کی مخالفت

آسٹریا کی پولیس نے بھی اسی طرح کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے نعرے کی بنیاد پر فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاج پر پابندی عائد کردی اور دعویٰ کیا کہ یہ نعرہ اصل میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی جانب سے تیار کیا گیا تھا جسے مسلح گروپ حماس نے اپنایا تھا۔

جرمن حکام کی مخالفت

جرمن حکام نے بھی اس نعرے کو ممنوع قرار دیتے ہوئے دارالحکومت برلن کے اسکولوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی اسکارف کے استعمال پر پابندی عائد کریں۔

نعرے کی حقیقت کیا ہے

1964 میں یاسر عرفات کی قیادت میں تارکین وطن فلسطینیوں کی طرف سے اپنے قیام کے بعد، پی ایل او نے ایک واحد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، جو دریائے اردن سے بحیرہ روم تک پھیلی ہو ہے، تاکہ اس کے تاریخی علاقوں کا احاطہ کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ اس وقت دریائے اردن اور بحیرہ روم کے درمیان وسیع علاقہ اسرائیل کے قبضے میں ہے۔

تقسیم پر بحث 1948 میں اسرائیل کی ریاست کے قیام سے پہلے کی ہے۔ ایک سال قبل اقوام متحدہ کی جانب سے اس علاقے کو ایک یہودی ریاست میں تقسیم کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا جو سابق برطانوی مینڈیٹ کے 62 فیصد حصے پر قابض تھا اور ایک علیحدہ فلسطینی ریاست تھی جسے اس وقت کے عرب رہنماؤں نے مسترد کر دیا تھا۔

ساڑھے سات لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا جسے نکبہ یا ”تباہی“ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

پی ایل او کی قیادت نے بعد میں دو ریاستی حل کے امکان کو قبول کر لیا تھا، لیکن 1993 میں اوسلو امن عمل کی ناکامی اور 2000 میں کیمپ ڈیوڈ میں ایک حتمی معاہدے کے لیے امریکہ کی کوششوں کے نتیجے میں دوسری انتفاضہ، بڑے پیمانے پر فلسطینی بغاوت، کے نتیجے میں رویوں میں سختی آئی ہے۔

نعرے کا کیا مطلب ہے؟

فلسطینی اور اسرائیلی مبصرین کے نزدیک اس نعرے کے معنی کے بارے میں مختلف تشریحات ”آزاد“ کی اصطلاح پر منحصر ہیں۔

لندن میں اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز (ایس او اے ایس) میں قانون کے لیکچرر نمر سلطانی نے کہا کہ یہ خصوصیت ”تاریخی فلسطین کے تمام باشندوں کے لئے مساوات کی ضرورت“ کا اظہار کرتی ہے۔

اسرائیل کے ایک فلسطینی شہری سلطانی نے الجزیرہ کو بتایا کہ “جو لوگ نسل پرستی اور یہودی بالادستی کی حمایت کرتے ہیں وہ مساوات کے نعرے کو قابل اعتراض سمجھیں گے۔

یہاں آزادی سے مراد اس حقیقت سے ہے کہ جب سے برطانیہ نے 1917 کے بالفور اعلامیے کے ذریعے یہودیوں کو فلسطین میں قومی وطن قائم کرنے کا حق دیا ہے تب سے فلسطینیوں کو ان کے حق خودارادیت کے حصول سے محروم رکھا گیا ہے۔

سلطانی نے کہا، “یہ مسئلے کی جڑ ہے: فلسطینیوں کو دوسروں کی طرح برابری، آزادی اور وقار کے ساتھ رہنے سے مسلسل انکار۔

ایس او اے ایس لیکچرر کے مطابق فلسطینیوں کے حق میں ہزاروں مظاہرین نے کئی یہودی گروہوں کے ہمراہ ہفتے کے روز لندن میں مارچ کیا جو اس بات کی علامت ہے کہ اس نعرے کو یہود مخالف قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مغربی ممالک میں مظاہروں میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ تنازعہ مغرب میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کو روکنے کے لیے گھڑا گیا ہے۔

تاہم اسرائیل کے حامی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس نعرے کا خوفناک اثر ہے۔ یروشلم سے تعلق رکھنے والے ایک ربی اور برانڈیس یونیورسٹی میں مشرق قریب اور یہودی علوم کے پروفیسر یہوداہ میرسکی نے کہا کہ یہودی اسرائیلیوں کے لیے یہ فقرہ یہ کہتا ہے کہ دریائے اردن اور بحیرہ روم کے درمیان ایک وجود ہو گا، اسے فلسطین کہا جائے گا– کوئی یہودی ریاست نہیں ہوگی، اور جو بھی وجود وجود میں آئے گا اس میں یہودیوں کی حیثیت بہت واضح نہیں ہوگی۔

میرسکی نے دلیل دی کہ نعرے لگانے والے ”حماس کے حامی“ ہیں ، جبکہ سلطانی نے دعوی کیا کہ فلسطینی حامی مظاہرین کو مسلح گروپ کے حامیوں سے تشبیہ نہیں دی جانی چاہئے۔

اسرائیل کا ’دریا سے سمندر تک‘ کا استعمال

بنجمن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی، جو خود کو قدامت پسند اور قوم پرست قرار دیتی ہے، ”ایریٹز اسرائیل“ کے تصور کی پرزور تشہیر کرتی رہی ہے، یا بائبل کے ذریعے یہودیوں کو اسرائیل کی سرزمین پر دیے گئے حق کی حامی رہی ہے۔

جیوش ورچوئل لائبریری کے مطابق، 1977 میں پارٹی کے اصل پارٹی منشور میں کہا گیا تھا کہ ”سمندر اور اردن کے درمیان صرف اسرائیل کی خودمختاری ہوگی“۔ اس میں یہ بھی دلیل دی گئی ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام ”یہودی آبادی کی سلامتی کو خطرے میں ڈالتا ہے“ اور ”اسرائیل کی ریاست کے وجود کو خطرے میں ڈالتا ہے“۔

Israel

Israel Palestine conflict