Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ کپ: بنگلادیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

بنگلہ دیش نے 280 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا
شائع 06 نومبر 2023 10:41pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 280 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 42 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم 50 ویں اوور میں 279 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی بیٹنگ

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور پاتھم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 5 رنز پر گرگئی، اوپنر کوشل پریرا 4 رنز بناکر شریف السلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا کے درمیان دوسری وکٹ پر 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن 12ویں اوور میں 66 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، کپتان کشال مینڈس 19 رنز بنا کر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔

سری لنکن ٹیم کا اسکور 72 تک پہنچا تو سری لنکا کی ایک اور وکٹ گر گئی، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر پاتھم نسانکا تھے جنہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

چوتھی وکٹ پر سدیرا سمارا وکراما اور چراتھ اسالنکا کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری بنی لیکن سدیرا سمارا وکراما 41 رنز پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے اور وہ بھی شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ اینجلو میتھیوز کی تھی جو ’ٹائم آؤٹ‘ ہوئے اور کرکٹ تاریخ کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جو ’ٹائم آؤٹ‘ پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی 135 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد دھننجیا ڈی سلوا اور چراتھ اسالنکا نے ٹیم کے اسکور میں 78 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا اسکور 213 تک پہنچایا تو ڈی سلوا 34 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

ساتویں وکٹ پر چراتھ اسالنکا اور مہیش تھیکشانا کے درمیان 45 رنز شراکت داری بنی تو 258 کے اسکور پر مہیش تھیکشانا 22 رنز بناکر شریف السلام کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے چراتھ اسالنکا نے سنچری بنائی، وہ 105 گیندوں پر 108 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

اس کے علاوہ کاسن راجیتھا اور دلشان مدھوشنکا صفر پر آؤٹ ہوئے اور یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 279 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کے لیے 280 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن نے 3 جبکہ شریف السلام اور شکیب الحسن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

سری لنکا کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتداء میں ہی اوپنر بیٹر تنزید حسن 17 رنز کے مجموعی اسکور پر مدھو شنکا کی گیند پر پاتھم نسانکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری جب لٹن داس 23 رنز بنا کر مدھوشنکا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان شکیب الحسن اور نجم الحسن شانتو نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور ٹیم کا اسکور 210 رنز تک پہنچایا، دونوں کے درمیان تیسری وکٹ پر 149 گیندوں پر 169 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

نجم الحسن شانتو اور شکیب الحسن کی شاندار شراکت نے میچ پر بنگلادیشی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔

210 کے مجموعی اسکور بنگلہ دیش کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، شکیب الحسن 82 رنز کے انفرادی اسکور پر اینجلو میتھیوز کی گیند پر اسالنکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

شکیب الحسن کے آؤٹ ہوتے ہی ایک رن کے اضافے کے بعد 211 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ نجم الحسن شانتو کی صورت میں گری، شانتو 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنانے کے بعد اینجلو میتھیوز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 249 کے مجموعی اسکور پر گری جب مشفق الرحیم محض 10 رنز بنانے کے بعد مدھوشنکا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

بنگال ٹائیگر کو چھٹا نقصان محمود اللہ کی صورت میں ہوا، جب 255 کے مجموعی اسکور پر محمود اللہ 22 رنز بناکر مہیش تھیکشنا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 269 کے مجموعی اسکور پر گری جب مہدی حسن میراز صرف 3 رنز بنانے کے بعد مہیش تھیکشنا کی گیند پر اسالنکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے توہید ہردوئے 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں بنگلہ دیش نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 280 رنز کا ہدف 41.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور میچ 3 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔

سری لنکا کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ دلشان مدھوشنکا نے کی انہوں نے 10 اوورز میں 69 رنز دے کر بنگلہ دیش کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ مہیش تھیکشنا اور اینجلو میتھیوز نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آج کے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے 82 رنز کی باری کے ساتھ 57 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی لیں۔

میچ کا ٹاس

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا 38واں میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ہم توقعات پر پورا نہیں اترے، ٹیم میں 1 تبدیلی کی ہے، مستفیض الرحمان کی جگہ تنزید تمیم کو شامل کیا ہے۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، ہم نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، دیموتھ کرونارتنے اور ہمانتا کی جگہ کوشل پریرا اور دھننجیا ڈی سلوا کو شامل کیا ہے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، محمود اللہ، شکیب الحسن (کپتان)، مہدی حسن میراز، توحید ہردوئے، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام شامل ہیں۔

سری لنکا اسکواڈ

سری لنکن ٹیم میں پتھم نسانکا، کوشل پریرا/دیمتھ کرونارتنے، کوسل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، اینجلو میتھیوز دشن ہیمانتھا مہیش تھیکشانا، کسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدھوشنکا شامل ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سری لنکا ساتویں جب کہ بنگلادیش نویں نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نکل چکی ہیں۔

دونوں ٹیموں نے 7،7 میچز کھیلے ہیں جس میں سے سری لنکا نے دو جب کہ بنگلادیش نے ایک میچ میں فتح حاصل کی۔

ورلڈ کپ میں کس کا پلڑا بھاری؟

ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا 7 میچز میں سے 2 جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 7 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہیں۔

دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں لیکن پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی تاکہ 2025 میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئن ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے لیے یہ میچ اہم ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز

دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 53 بار آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے سری لنکا نے 42 جبکہ بنگلہ دیش نے 9 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ 2 میچ بنا کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے 4 میچوں میں بنگلہ دیش اور سری لنکا آمنے سامنے آئے، جن میں سے سری لنکا کو 3 میں کامیابی ملی اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ بنگلہ دیش اپنے پچھلے پانچوں میچ ہارا جبکہ سری لنکا نے صرف 2 میں کامیابی سمیٹی۔

پچ اور موسم کی صورتحال

دہلی میں مجموعی طور پر موسم کی صورتحال خراب ہے۔ دونوں ٹیموں نے شدید فضائی آلودگی کی وجہ سے طے شدہ پریکٹس سیشن منسوخ کر دیے تھے۔

india

cricket

Sri Lanka

Bangladesh

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

dehli

bangladesh vs sri lanka