Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزیراعظم کا تعلیمی اداروں سے نشے کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم

شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، انوار الحق کاکڑ
شائع 06 نومبر 2023 08:03pm

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پولیس حکام کو تعلیمی اداروں اور ان کے اطراف منشیات فروخت کرنے والوں کی شناخت اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی صدارت میں اسلام آباد کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال اور انسداد منشیات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں نگراں وفاقی وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں سرکاری ملکیتی زمینوں پرغیرقانونی تجاوزات، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیرسرپرستی ترقیاتی منصوبوں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری پولیس کی کارکردگی اور دیگر امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں پارکنگ اور ٹریفک کے لیے پیدا کردہ مسائل کا فوری سد باب کیا جائے، اسلام آباد میں گاڑیوں کی نمائش، نیلامی اور خرید و فروخت کے لیے جامع منصوبہ بنایا جائے، اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے مزید 160 نئی بسیں آنے والی ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے مرکزی ڈیجیٹل نظام کا قیام عمل میں لایا جائے، پرانی گاڑیوں کو رائج ماحولیاتی آلودگی کے معیار پر فٹنس سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جائے، ملک بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں نگراں وزیراعظم کو مارگلہ نیشنل پارک کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ مارگلہ نیشنل پارک کی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے، اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دے۔

نگراں وزیراعظم نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور متعلقہ حکام کو اسکولوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

نگراں وزیراعطم نے اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

نگراں وزیراعظم کا تعلیمی اداروں سے نشے کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم

اسے سے قبل نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے درپے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ آج وزارت داخلہ اسلام آباد کی انتظامیہ اور آئی جی سے میٹنگ ہوئی، تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے، وزیر داخلہ ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔

نگراں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ منشیات فروش ہماری نوجوان نسل اور پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی!

دوسری جانب وفاقی نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے احکامات کے مطابق اسلام آباد پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے تمام چھوٹے بڑے تعلیمی اداروں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور نشے کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔

اسلام آباد

Caretaker prime minister

usman anwar

Caretaker PM

Caretaker Interior Minister

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

sarfaraz bugti

PM KAKAR