اسرائیلی فوج نے غزہ ایمبولینس پر حملے کی تصدیق کر دی
اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایمبولینس پر حملے کی تصدیق کر دی، غزہ میں محکمہ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے الشفا اسپتال سے نکلنے والی ایمبولینسوں کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال کے باہر ایک ایمبولینس کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسے حماس استعمال کر رہی تھی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا جس کی نشاندہی فورسز نے حماس کے ایک دہشت گرد سیل کی جانب سے جنگی علاقے میں ان کی پوزیشن کے قریب استعمال کے طور پر کی تھی۔
دوسری طرف صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جس ایمبولینس کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ زخمیوں کو لے جا رہی تھی۔
حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے جمعے کے روز کہا کہ اسرائیل نے غزہ شہر میں الشفا اسپتال سے نکلنے والی ایمبولینسوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا۔
واقعہ کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ غزہ میں الشفا اسپتال کے قریب مریضوں کو نکالنے والی ایمبولینسوں پر حملوں کی خبروں پر ’مکمل صدمے‘ میں ہوں۔
انھوں نے ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں مزید کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ مریضوں، ہیلتھ ورکرز، سہولیات اور ایمبولینسوں کو ہر وقت تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا 28 واں روز ہے، اسرائیلی فوج کی فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں 24 گھنٹے میں مزید 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوجانے کے بعد شہدا کی تعداد 9 ہزار 225 سے تجاوز کرگئی ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد عارضی جنگ بندی کو مسترد کر دیا۔
Comments are closed on this story.