Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیوزی لینڈ سے مقابلہ: پاکستان ڈی ایل ایس کے تحت فاتح قرار، سیمی فائنل کا چانس اب بھی باقی

پاکستان کو سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے میچ میں لازمی فتح درکار
اپ ڈیٹ 05 نومبر 2023 12:26am
فوٹو ــ ٹوئٹر / پی سی بی
فوٹو ــ ٹوئٹر / پی سی بی

کرکٹ ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت کامیابی حاصل کرلی۔ بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اہم جیت کے ساتھ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں موجود ہے۔

ورلڈ کپ 2023 میں سیمی فائنل کی دوڑ کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم ٹاکرا ہوا۔

بلیک کیپس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں401 رنز بنائے اور پاکستان کو پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ کے دوران میچ کو بارش کی وجہ سے دو مرتبہ روکا بھی گیا۔ اور برسات کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہوسکا۔

بارش پاکستانی ٹیم کیلئے باعث رحمت ثابت ہوئی اور گرین شرٹس کو فخر زمان کی دھواں دھار طوفانی اننگ کی بدولت بہتر رن ریٹ کی وجہ سے فاتح قرار دیا گیا۔

آخری بار میچ جب روکا گیا تو پاکستان 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنا چکا تھا جبکہ بارش کے باعث میچ 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ اور اس وقت پاکستان کو 93 گیندوں پر 142 رنز درکار تھے، اس موقع پر ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان مقررہ حد سے 25 رنز آگے تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 63 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے ۔ ان کی اننگ میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

دوسری طرف فخرِ پاکستان، فخر زمان نے 63 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور محض 81 گیندوں پر 126 رنز کی طوفانی اننگ کھیل کر کیویز بولرز کی خوب پٹائی کی۔

اوپننگ بلے باز نے آزادانہ شاٹس لگائے اور نیوزی لینڈ کے خلاف اننگ میں 11 خوبصورت چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ شاندار پرفارمنس پر انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ68رنزپرگری جب اوپنربیٹسمین ڈیون کونوے 39 گیندوں پر 35 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ڈیون کونوے 11ویں اوور میں حسن علی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کیوی کپتان اور رچن روندرا نے کرس پر جم کر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور 68 سے 248 پر پہنچایا۔

کین ویلیم سن 35ویں اوور میں 120 کے اسٹرائک ریٹ سے 95 رنز اسکور کرکے افتخار احمد کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جب کہ ان کے بعد رچن روندرا بھی 108 رنزپرآؤٹ ہوئے۔

بنگلورو میں کھیلے جانے والےاس اہم میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پہلے بیٹنگ کرنے کی صورت میں کیویز کو کم ازکم 84 رنز سے شکست دینی تھی جبکہ پہلے فیلڈنگ کے انتخاب پر اچھے رن ریٹ کے لیے انہیں ہدف کو 30 سے 35 اوورز کے اندر حاصل کرنا تھا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ اسامہ میر کی جگہ حسن علی کوٹیم میں شامل کیا گیا، ہم نے گزشتہ میچز میں اچھی بولنگ کی تھی۔

اس موقع پر آج کے میچ میں واپسی کرنے والے کیوی کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ جیسا سوچا تھا پچ اس سے مختلف لگ رہی ہے، البتہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

قومی اسکواڈ

بابراعظم کی قیادت میں وکٹ کیپر بیٹر محنمد رضوان، فخر زمان، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد وسیم جونئیر، شاہین آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف کیویز کے خلاف اہم میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون

ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیئمسن کی واپسی ہوگئی ہے، جب کہ ان کے علاوہ وکٹ کیپر ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، رچن روندرا، ڈیرل مچل، گلین فلفس، مارک چپمن، مچل سینٹنر، اش سودھی، ٹم ساؤتی اور ٹرینٹ بولٹ نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے دوپہر دو بجے کے بعد بنگلورو میں بارش کی پیش گوئی کر رکھی تھی جو درست ثابت ہوئی۔

یاد رہے کہ آج کے میچ سے قبل ون ڈے ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جہاں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔

سال 2011 میں نیوزی لینڈ نے آخری بار پاکستان ورلڈکپ مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پاکستان نے 2019 میں کیویز کو شکست کا مزہ چکھایا تھا۔

واضح رہے کہ پوائنٹس تیبل پر پاکستان 7 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ نیوزی لینڈ 7 میچز میں 4 فتوحات کے ہمراہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر قابض ہے۔

مزید پڑھیں

پاکستان ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل میں کس طرح پہنچ سکتا ہے

ورلڈ کپ: اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے نیٹ رن ریٹ کیسے نکالا جاتا ہے؟

ذکاء اشرف کی کرسی خطرے میں پڑگئی، شاہد آفریدی کی فوری ذمہ داری لینے سے معذرت

ون ڈے ورلڈکپ مقابلوں میں 1983 سے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں جہاں نے پاکستان نے 9 جبکہ نیوزی لینڈ نے محض 2 میچز جیت رکھے ہیں۔

india

cricket

New Zealand

Pakistan Cricket Team

Bengaluru

Pakistan vs New Zealand

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023