Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

روسی ویگنر گروپ حزب اللہ کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرنیوالا ہے، امریکی اخبار

لبنان کیساتھ اسرائیل کی سرحدوں پر کشیدگی بڑھنے لگی
شائع 03 نومبر 2023 11:21am
تصویر: اے ایف پی/ فائل
تصویر: اے ایف پی/ فائل

امریکی اخبار نے کہا کہ روسی ویگنر گروپ ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے والا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق زیر بحث نظام ’‘ ایس اے 22’’ ہے، جو طیاروں کو روکنے کے لیے طیارہ شکن میزائل اور فضائی دفاعی میزائلوں کا استعمال کرتا ہے۔

مذکورہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی، جب لبنان کے ساتھ اسرائیل کی سرحدوں پر کشیدگی بڑھنے لگی۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا نے ابھی تک دفاعی نظام بھیجنے کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن وہ ویگنر اور حزب اللہ سے متعلق بات چیت کی نگرانی کر رہا ہے، فضائی دفاعی نظام کی ممکنہ ترسیل ایک بڑی تشویش ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے مشرقی بحیرہ روم میں ایک طیارہ بردار بحری جہاز کھڑا کردیا ہے تاکہ حزب اللہ کو اسرائیل کے خلاف شمالی محاذ کھولنے سے روکنے کی کوشش کی جا سکے۔

اس وقت شام میں ویگنر گروپ کی افواج پہلے سے موجود ہیں، جہاں حزب اللہ کی افواج بھی کام کر رہی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بارے میں اقوام متحدہ میں گزشتہ روز ہونے والے مباحثے میں روسی سفیر واسیلی نیبنزیا نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کی توجہ صرف امریکا اور اس کے اتحادیوں کی منافقت کی جانب مبذول کروا سکتا ہوں، اسرائیل ایک قابض ریاست ہے، اس کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے، جیسا کہ 2004 کی بین الاقوامی عدالت برائے انصاف کی مشاورتی رائے میں بھی لکھا گیا تھا۔

Syria

Gaza

lebanon

Israel Palestine conflict

Palestinian Israeli Conflict