Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

مرتضیٰ وہاب جعلسازی سے میئر بنے،الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے، حافظ نعیم

سندھ ہائیکورٹ کی جماعت اسلامی کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 02 نومبر 2023 07:51pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

میئر کراچی کو ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے درخواست گزار جماعت اسلامی کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ قائم مقام چیف جسٹس عقیل عباسی نے اپنے ریمارکس دیے کہ الیکشن جس طرح ہوئے، ہمارے علم میں بھی بہت کچھ ہے، لیکن یہ معاملہ ابھی ہمارے سامنے نہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم نے کہا کہ میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے تین مختلف جگہوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سہولت اور اختیار الیکشن کمیشن نے صرف مرتضیٰ وہاب کو فراہم کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے الزام عائد کیا کہ جعل سازی کی انتہا کر کے مرتضیٰ وہاب میئر بن گئے ہیں، مرتضیٰ وہاب میئر کے عہدے پر رہتے ہوئے الیکشن لڑ رہے ہیں، الیکشن مرتضیٰ وہاب نہیں الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان خود الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کو پیراشوٹ میں لاکر میئر بنانے کیلئے ترمیم کی گئی، ہم نے وہ ترمیم عدالت میں چیلنج کر رکھی ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے اس درخواست کو تیزی سے چلانے کا کہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جعل سازی کی انتہا کر کے مرتضیٰ وہاب میئر بن گئے ہیں، کراچی کے میئر کا الیکشن بلاول بھٹو اور آصف زرداری پر داغ بن گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے جبکہ ابراہیم حیدری کے امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا گیا، اچانک سے چار لوگوں نے ہاتھ اٹھا لیے اور الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وڈیرا شاہی والا کام کرتے ہوئے ابراہیم حیدری سے بلدیاتی ضمنی الیکشن لڑنے کی کوشش بھی نہیں کی، دیکھا جائے تو قانونی طور پر تین جگہ سے الیکشن لڑنے کا قانون ہی موجود نہیں ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ مرتضی وہاب گزری سے الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن وہ وہاں رہتے نہیں ہیں۔ مرتضیٰ وہاب رہتے ڈی ایچ اے میں ہیں لیکن ایڈریس تبدیل کر کے گزری لکھا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت

سندھ ہائیکورٹ میں میئرکراچی کو ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے جماعت اسلامی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب خلاف قانون غیر متعلقہ یوسیز سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں

میئر کراچی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی درخواستیں مسترد

نگراں وزیر بلدیات سندھ اور میرے بیانیے میں فرق ہے، میئر کراچی

عدالت نے درخواست گزار کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ٹریبونل اعتراضات کا جائزہ لے کر فوری فیصلہ کرے۔

قائم مقام چیف جسٹس عقیل عباسی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن جس طرح ہوئے، ہمارے علم میں بھی بہت کچھ ہے، لیکن یہ معاملہ ابھی ہمارے سامنے نہیں، کوئی رائے نہیں دے سکتے، الیکشن بہت اہم معاملہ ہوتا ہے ایسے کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر ہونی چاہئیں۔

انھوں نے مزید ریمارکس دیے کہ جن معاملات میں قانون کی خرابی کا معاملہ ہو ان کی سماعت سب کیسز چھوڑ کر ترجیحاً کرنا چاہیے، اس معاملے میں ہم سے بھی کوتاہی ہوتی ہے، خود کو بھی قصور وار سمجھتے ہیں، یہ بہت ہی بدقسمتی ہے کہ الیکشن کے معاملات کئی کئی سال چلتے ہیں اور دوسرے الیکشن آجاتے ہیں۔

Hafiz Naeem ur Rehman

Jamat e Islami

mayor karachi

Pakistan People's Party (PPP)

Election Commission of Pakistan (ECP)