Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اتنی جلدی محبت کی شادی میرا بچپنا تھا، فیصل قریشی کے حیران کُن انکشافات

'ڈیٹنگ کرنا بڑا اچھا سمجھا جاتا ہے، لیکن شادی کرنا جرم لگتا ہے'
شائع 02 نومبر 2023 12:03pm
تصویر: فیصل قریشی/انسٹاگرام
تصویر: فیصل قریشی/انسٹاگرام

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے نجی زندگی میں درپیش مسائل کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں، کم عمری میں شادی اور طلاق پر لوگوں کے ردِعمل نے اداکار کو خاصا مایوس کیا تھا۔

حال ہی میں فیصل قریشی نے ایک پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے کم عمری کی شادی سے متعلق اپنے تجربات پر روشنی ڈالی۔

میزبان کی جانب سے جب اداکار سے کم عمری کی شادی کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ ’میں نے بہت کم عمری میں شادی کی تھی، میں اٹھارہ سال کا تھا، اتنی جلدی محبت کی شادی کا فیصلہ میرابچپنا تھا، زندگی میں اسی طرح سے ہم سیکھتے ہیں‘

فیصل قریشی نے اپنی پہلی شادی کے ٹوٹنے کے بعد درپیش مسائل پر بھی کُھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے طلاق کے بعد لوگوں کے رویوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’خواہ مرد ہو یا عورت، اگر آپ کی طلاق ہوگئی ہے تو لوگ آپ کو بہت طعنے دیتے ہیں، لیکن اگر آپ ایک سے زیادہ خواتین کو ڈیٹ کررہے ہیں تو وہ آپ کی تعریف کریں گے‘۔

انہوں نے لوگوں کے اس رویے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ڈیٹنگ کرنا بڑا اچھا سمجھا جاتا ہے، لیکن شادی کرنا جرم لگتا ہے۔ حلال غلط ہے لیکن حرام کو بہت ’گلوریفائی‘ کیا جاتا ہے‘۔

انہوں نے پاکستانی معاشرے میں ایکسٹرا میریٹل ریپ کے تصور کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں لوگ خواتین کی رضامندی کی بات نہیں کرتے ہیں، ٹھیک ہے، وہ اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہیں کہ بیوی کے لئے شوہر کی اطاعت کرنا لازمی ہے لیکن مردوں کو کبھی یہ ہدایت نہیں دی گئی کہ وہ بیویوں کے ساتھ کیسے رہیں‘۔

انہوں نے اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اس مسئلے پر خاموش رہنے والے افراد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں اس حوالے سے ایک الگ ہی سوچ ہے، فوراً جذباتی ہوجانا مناسب نہیں ہے، تھوڑا صبر کا مظاہرہ کرنا بھی ضروری ہے، اور کوئی رائے نہ دینا بھی سراسر غلط ہے‘۔

فیصل قریشی کو پاکستان شوبز انڈسٹری کا نامور اداکارکہا جاتا ہے، ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کی اداکاری کو خوب سراہا جاتا ہے۔

فیصل قریشی کی پہلی شادی سے ان کی ایک صاحبزادی ہیں، جو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھ چکی ہیں، اداکار نے 2010 میں ثناء فیصل سے دوسری شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

Wedding

Pakistani Actor

Divorce

lifestyle

podcast

Faisal Qureshi

Extra Marital Rape