Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قومی و صوبائی کے لئے مسلم لیگ ن کی ٹکٹوں کی فیس سامنے آگئی

پارٹی ٹکٹ کے درخواستیں آج سے جمع ہوں گی جو 10 نومبر تک جاری رہے گی، سیکرٹری اطلاعات ن لیگ
شائع 01 نومبر 2023 01:37pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

مسلم لیگ ن نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا عمل شروع کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے آج سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار درخواستیں جمع کروائیں گے، درخواست جمع کروانے کے لیے یکم نومبر سے دس نومبر تک کی تاریخ دی گئی ہے۔

امیدواروں کی درخواستیں ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی جائیں گی، اور پھر کور کمیٹی نواز شریف کی سربراہی میں حتمی امیدواروں کے نام فائنل کرے گی۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ٹکٹ فیس کیا ہوگی

مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کیلئے ایک فارم کا اجراء کیا ہے، ن لیگ کی ٹکٹ کے خواہشمند 10نومبر تک فارم بمعہ فیس جمع کروا سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی کی جنرل نشست کیلئے دو لاکھ روپے ٹکٹ فیس مقرر کی گئی ہے، اور قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے بھی ٹکٹ فیس دو لاکھ روپے ہی رکھی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی صوبائی اسمبلی کی نشست کی ٹکٹ کی فیس ایک لاکھ روپے اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لئے بھی ایک لاکھ روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔

مخصوص نشست کیلئے نامزد امیدواروں کو 2 لاکھ روپے اضافی بھی جمع کروانے ہوں گے، پارٹی ٹکٹ کی فیس کے لئے کراس چیک قابل قبول نہیں ہوگا، جب کہ مسلم لیگ ن کے حصول ٹکٹ فارم میں اقرار نامہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب

ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کی زیر صدارت ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس 4 نومبر کو رائیونڈ میں ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قائد ن لیگ کی وطن واپسی کے بعد جنرل کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہے، جو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر ہو گا۔

لیگی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ پارٹی الیکشن سیل، پارلیمانی بورڈز بھی تشکیل دے دئیے، عام انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہوگی جو 10 نومبر تک جاری رہے گی، جب کہ پارٹی منشور کی تیاری کیلئےعرفان صدیقی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Marriyum Aurangzeb

nawaz sharif returns 2023