Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی پر پابندی ہمارا مینڈیٹ نہیں، عمران خان کے وفادار امیدوار الیکشن لڑینگے، نگراں وزیراعظم

آئی ایم ایف وفد 2 نومبر کو پاکستان آرہا ہے، مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونگے، انوار الحق کاکڑ
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2023 03:05pm
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ۔ فوٹو — اسکرین گریب
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ۔ فوٹو — اسکرین گریب

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی نگراں حکومت کا مینڈیٹ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔

میو اسپتال لاہور کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دورہ پنجاب سےحکومت کے بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہی قلعے کی ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند ہے، توقع ہے دیگر صوبے بھی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اہم اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، وفاق پنجاب حکومت کو جہاں ضرورت ہوگی مدد فراہم کرے گا۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن سے متعلق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، بلکہ جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

کسی کے املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جائے گا، دنیا کا کوئی ملک غیر قانونی مقیم افراد کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لیکر پاکستان آسکتا ہے، البتہ کسی کے املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں ہے۔

ووٹ ڈالنے کے لئے جتنا آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں

انتخابات سے متعلق سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، ووٹ ڈالنے کے لئے جتنا آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، آئین صرف الیکشن کے بارے میں نہیں،آئین کے بہت سے پہلو ہیں، چاہتے ہیں ملک میں ایک مستقل حکومت آئے۔

اسرائیل کے فلسطین میں حملوں پر انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال قابل مذمت ہے، موجودہ بحران میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہئے، جو کچھ اسرائیل نے غزہ میں کیا کسی بھی قسم کا جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

آئی ایم ایف وفد 2 نومبر کو پاکستان آرہا ہے، مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونگے

وزیراعظم نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (آئی ایس ایف سی) نگراں حکومت کا کام نہیں، گزشتہ حکومت نے اس کے قانون سازی کی جب کہ اس کونسل کی اصلاحات کسی فورم پر چیلنج نہیں کی جا سکتیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کے حوالے سے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد 2 نومبر کو پاکستان آرہا ہے، ان کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوں گے۔

ایک اور سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگراں حکومت کس طرح غیر قانونی و غیر آئینی عمل کر سکتی ہے؟ پی ٹی آئی پر پابندی نگراں حکومت کا مینڈیٹ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔

Afghan refugees

lahore

Illegal Afghan Residents

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar