Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن: نگراں وفاقی وزرا کی سیاسی وابستگی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

فواد حسن فواد اور احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم پوسٹوں پر تعینات تھے، درخواست گزار
شائع 31 اکتوبر 2023 11:21am
الیکشن کمیشن آف پاکستان
الیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ فواد حسن فواد اور احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم پوسٹوں پر تعینات تھے۔

الیکشن کمیشن میں نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار سید عزیزالدین کا کا خیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر آپ پیش نہیں ہوئے تھے۔

سید عزیزالدین کا کا خیل نے جواب دیا کہ میں تھوڑا لیٹ ہو گیا تھا معذرت چاہتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ حکومت کی طرف سے الیکشن میں کون نمائندگی کررہا ہے۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کررہا ہوں۔

درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ گزشتہ حکومت فواد حسن فواد اور احد چیمہ اہم پوسٹوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو معاون خصوصی سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کیا شواہد ہیں کہ ان کی سیاسی وابستگی ثابت ہوسکے۔ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں، اور نگراں مشیر احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم عہدے پر تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی نظرمیں وفاقی وزیر اور مشیر غیرجانبدار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ECP

Election Commission of Pakistan (ECP)